Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی : شدید بارش، ریلوے پٹریاں پانی میں ڈوب گئیں،نظام زندگی مفلوج

نئی دہلی۔۔۔۔بارش کہیں رحمت اور کہیں زحمت بن جاتی ہے۔ ممبئی میں مانسون کی آمد کے بعد شدید بارش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔آج  ریاست کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کی وجہ سے سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ۔ مسلسل بارش کی وجہ سے  ریل پٹریاں پانی میں ڈوب گئیں اور لوکل ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں، ملنڈ ، گھاٹ کوپر ، چمبور میں سڑکوں پر پانی بھرجانے سے ٹریفک جام ہوگیا۔ سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ ممبئی کی رفتار ٹھپ ہوکر رہ گئی۔ممبئی اور ناگپور کے بعد بھیونڈی میں موسلادھار بارش سے تباہی پھیل گئی۔گجرات کے ضلع ڈانگ میں بھی بارش کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔انبیکا ندی دہانے سے اوپر بہہ رہی ہے۔ شدید بارش کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کردیا۔مدھیہ پردیش کے ضلع سیہور میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔نشیبی علاقوں میں واقع مکانات میں ڈیڑھ فٹ تک پانی جمع ہوگیا ۔ مکین اپنی مدد آپ کے تحت بالٹیوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔کرناٹک میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کرناٹک کے ضلع اوڈوپی میں بارش کی وجہ سے سیلاب آگیا ہے ۔ سڑکیں پانی میں ڈو ب گئیں۔ شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ امداد و راحت رسانی کی ٹیمیں حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -پکنک پر جانیوالے 39 افرادبچا لئے گئے ،ایک ہلاک

شیئر: