Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کروشیا فائنل میں پہنچ گیا، آخری معرکہ فرانس سے ہوگا


ماسکو:لیوزنکی اسٹیڈیم ماسکو میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔دونوں ٹیموں نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ۔میچ کے 5ویں ہی منٹ میں کیرن ٹریپائر نے گول کر انگلینڈ کو سبقت دلا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک نتیجہ 0-1تھا جبکہ دوسرے ہاف میں شروع سے ہی کروشیا نے انگلینڈ کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے شروع کر دیئے جس میں بالآخر اسے کامیابی حاصل ہوئی اور میچ کے 68ویں منٹ میں29سالہ ایون پیرسک نے خوبصورت پاس پر فیلڈ گول کر کے میچ 1-1گول سے برابر کر دیا۔اضافی وقت کا پہلا ہاف بھی دونوں ٹیموں کے بھرپور کھیل کے باعث برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف کے چوتھے منٹ میں کروشیا کے اسٹرائیکر مینڈزوکک نے خوبصورت گول اسکور کر کے ٹیم کا پلا بھاری کر دیا جو آخری وقت تک قائم رہا ۔جس کے ساتھ ہی کروشیا 1-2گول سے فائنل میں پہنچ گیااور سیمی فائنل مرحلہ اختتام کو پہنچا۔ پہلا سیمی فائنل فرانس اور بیلجیئم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ فرانس کے سیموئیل امیٹیی نے ہیڈکے ذریعے میچ کا واحد گول کر کے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا تھا۔ فرانس اور کروشیاکے مابین فائنل 15جولائی کو ماسکو کے اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مقابلے کا آغاز مقامی وقت کے مطابق شام 6بجے ہوگا۔ تیسری پوزیشن کیلئے 14جولائی کو شام 5بجے سینٹ پیٹرزبرگ میں بیلجیئم اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گی۔

شیئر: