کپل شرما کا 500 روپے ماہانہ آمدن سے 300 کروڑ روپے کی دولت تک کا سفر
اتوار 14 دسمبر 2025 5:32
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
رپورٹ کے مطابق کپل شرما 300 کروڑ انڈین روپے سے زائد کی دولت رکھتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
مشہور انڈین کامیڈین اور اداکار کپل شرما ان دنوں دو وجوہات کی بنا پر خبروں میں ہیں۔ ایک طرف ان کی فلم ’کس کس کو پیار کروں ٹو‘ 12 دسمبر کو ریلیز ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ممبئی میں ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ سیزن فور کی ایک قسط میں خصوصی شرکت کی ہے۔
اگرچہ فلم پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں تاہم پریانکا چوپڑا کے ہمراہ شو کی قسط کافی مقبول ہو رہی ہے۔
اس کی وجہ نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے شو کے بیک سٹیج مناظر کی تصاویر شیئر کرنا بھی ہے جن میں پریانکا چوپڑا کو کپل شرما، ارچنا پورن سنگھ اور سنیل گروور کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ان سب خبروں کے درمیان یہ حقیقت اکثر نظر انداز ہو جاتی ہے کہ کپل شرما صرف ایک کامیڈین یا اداکار نہیں بلکہ انڈیا کے سب سے بڑے انٹرٹینرز میں شمار ہوتے ہیں۔ پنجاب میں پیدا ہونے والے کپل شرما نے سخت حالات میں جدوجہد کی اور آج ان کی مجموعی دولت قریباً 300 کروڑ انڈین روپے بتائی جاتی ہے۔
کپل شرما کی جدوجہد
سنہ 1997 میں کپل شرما کے والد کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے جس کے بعد وہ اپنے خاندان کے واحد کفیل بن گئے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق انہوں نے ابتدا میں معمولی نوکریاں کیں، جن میں ایک پی سی او کی نوکری شامل تھی، جہاں انہیں صرف 500 انڈین روپے ماہانہ ملتے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے ایک ٹیکسٹائل مل میں کام کیا جہاں ان کی آمدن 900 انڈین روپے ماہانہ تھی۔
کپل شرما نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ دسویں جماعت کے بعد پی سی او پر کام کرتے تھے تاکہ کچھ جیب خرچ کما سکیں۔
کامیابی کا آغاز
کپل شرما کی زندگی اس وقت بدلی جب انہوں نے ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ کے آڈیشن دیے۔ ابتدا میں انہیں مسترد کر دیا گیا مگر بعد میں وہ مقابلے میں شامل ہوئے اور سنہ 2007 میں شو کا تیسرا سیزن جیتا۔ انہیں 10 لاکھ روپے انعام ملا جو انہوں نے اپنی بہن کی شادی پر خرچ کیا۔
اس کے بعد انہوں نے ’کامیڈی سرکس‘ میں حصہ لیا اور چھ سیزنز جیتے۔ بعد میں انہوں نے مختلف ٹی وی شوز کی میزبانی کی اور سنہ 2017 میں فلم فیئر ایوارڈز کی میزبانی بھی کی۔
سنہ 2013 میں ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ کے آغاز کے بعد کپل شرما گھر گھر پہچانے جانے لگے۔ وقت کے ساتھ کئی مشہور شخصیات نے ان کے شو میں شرکت کی اور دعویٰ کیا کہ کپل ایک ہی قسط سے لاکھوں اور کروڑوں روپے کماتے ہیں۔
بعد ازاں نیٹ فلکس پر ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے نام سے شو دوبارہ شروع ہوا، جہاں رپورٹس کے مطابق کپل شرما فی قسط پانچ کروڑ انڈین روپے کماتے ہیں۔
اب تک شو کے تین سیزنز میں تقریباً 40 اقساط نشر ہو چکی ہیں جس سے کپل شرما کی آمدن کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
کپل شرما کے اثاثے
کپل شرما ممبئی میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے انڈیا اور بیرونِ ملک کئی قیمتی اثاثے ہیں۔ ان کا ممبئی کا گھر قریباً 15 کروڑ انڈین روپے کا ہے جبکہ پٹیالہ میں ایک فارم ہاؤس بھی ان کی ملکیت میں ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنی اہلیہ گنی چترتھ کے ساتھ جولائی 2025 میں کینیڈا کے شہر سرے میں ’کیپس کیفے‘ کا آغاز بھی کیا۔
گاڑیوں کے شوقین کپل شرما کے پاس ساڑھے پانچ کروڑ انڈین روپے کی لگژری وینٹی وین، مرسڈیز بینز ایس 350 اور ولوو ایکس سی 90 جیسی مہنگی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
