Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسری پوزیشن: انگلینڈ اور بیلجیئم آمنے سامنے

سینٹ پیٹرز برگ: فیفا ورلڈ کپ میں فائنل سے پہلے کا آخری معرکہ ہوگا جس میں انگلینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں تیسری پوزیشن کے لئے ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی۔یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب انگلش ٹیم کسی حریف ٹیم کا دوسری مرتبہ سامنا کرے گی۔ دونوں ٹیمیں ایک ہی گروپ ”جی “میں تھیں اور بیلجیئم نے گروپ میچ میں انگلینڈ کو0-1سے شکست دے دی تھی۔ انگلینڈ کے پاس اس ناکامی کا بدلہ لینے کا موقع بھی ہوگا۔دونوں ٹیموں کو ورلڈ کپ ٹائٹل کیلئے فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا لیکن فرانس اور کروشیا نے انہیں سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔ اب دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کا اختتام تیسری پوزیشن اور کانسی کے تمغے کے ساتھ کرنے کور وکٹری اسٹینڈ پر جگہ بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گی۔ اس میچ کے دوران ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر کے طور پر گولڈن بوٹ کے حقدار کھلاڑی کے حوالے سے بھی صورتحال واضح ہوجائے گی ۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری کین6گول کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ بیلجیئم کے رومیلو لوکاکو نے4گول کررکھے ہیں ۔ بظاہر کین ہی ٹاپ اسکورر ہو سکتے ہیں لیکن اگر لوکاکو اس میچ میں غیر معمولی کارکردگی دکھا کر ہیری کین کو پیچھے دھکیل سکتے ہیں۔فرانس نے بیلجیئم کو0-1سے ہرا کر فائنل کی دوڑ سے باہر کیا تھا ۔ جس کے بعد بیلجیئم کے کھلاڑیوں نے فرانس پر غیر ضروری دفاعی کھیل کا الزام عاود کیا تھا ۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم کروشیا کے خلاف برتری حاصل کرنے کے بعد اس وقت شکست سے دوچار ہو گئی تھی جب کروشیا نے انجری ٹائم کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول کردیا تھا۔دونوں ٹیموں نے جمعہ کو بھرپور پریکٹس کی اور تیسری پوزیشن کے حصول کیلئے پر عزم نظرآئے۔ انگلش ٹیم کروشیا کے ہاتھوں غیر متوقع شکست کے صدمے سے نکل آئی ہے اور کپتان ہیری کین تیسری پوزیشن کے ساتھ ساتھ انفرادی اعزاز کے حصول کے لئے بھی پر جوش دکھائی دے رہے تھے۔بیلجیئم کے کھلاڑی بھی خود کو ورلڈ کی تیسری بہترین ٹیم کے طور سامنے لانے کے لئے کوئی سستی دکھانے کے موڈ میں نہیں تھے ۔ رومیلو لوکاکو کے ایک موقع ہے کہ وہ ہیری کین سے ٹاپ اسکورر کا اعزاز چھین سکیں جبکہ ایڈن ہیزرڈ بھی گزشتہ میچوں کی طرح نمایاں رہنے کے لئے بے قرار تھے۔

شیئر: