Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغربی بنگال:وزیر اعظم مودی کی ریلی میں شامیانہ گرنے سے40افراد زخمی

نئی دہلی۔۔۔۔مدنا پور میں منعقد ہ ریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کے دوران شامیانہ کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس میں 40افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نے سیکیورٹی کے اہلکاروں سے زخمیوں کی فوری امداد کی اپیل کی۔ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ایس پی جی کے اہلکاروں نے موٹر سائیکلوں اور ایمبولینسوں کے ذریعہ زخمیوں کو اسپتال پہنچایا ۔ ریلی کے بعد وزیر اعظم مودی پارٹی کارکنوں اور اعلیٰ افسران کے ہمراہ زخمیوں کی عیادت کرنے اسپتال پہنچے ۔ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں زیر علاج ایک زخمی خاتون نے وزیر اعظم سے آٹو گراف کی فرمائش کی جسے مودی نے انتہائی خوشی کے ساتھ پیش کیا۔شامیانہ منہدم ہونے کے باوجود مودی نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے لوگوں کو اطمینان اورامن و امان کا خیال رکھنے کی تلقین کی ۔انہوں نے ریلی میں موجود کارکنوں کی تعریف کی جوزخمیوں کو فوراً اسپتال پہنچانے میں مددفراہم کی۔ریلی میں موجود لوگوں نے ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوئے ماحول کو پرامن بنائے رکھا۔ مودی نے ممتا بنر جی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماں ماٹی مانوش‘‘ کے نعرے کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے ۔ سماج دشمن عناصر کھلے عام گھوم رہے ہیں۔یہاں مذہبی رسومات کی ادائیگی دشوار ہوتی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کسانوں کیلئے اتنا بڑا فیصلہ کیا کہ آج ترنمول کانگریس کو بھی اس ریلی میں ہمارے استقبال کیلئے جھنڈے لگانے پڑے اور انہیں اپنی تصویر لگانی پڑی۔ یہ بی جے پی کی نہیں بلکہ کسانوں کی فتح ہے۔مودی نے کہاکہ مغربی بنگال میں کئی عشروں سے قائم لیفٹ کی حکومت نے ریاست کوجس حال میں پہنچایا آج بنگال کی حالت اس سے بھی ابتر ہوتی جارہی ہے۔ یہاں ایک تعاونی انجمن متحرک ہے جو اپنے مخالفیں کو قتل کرانے ، غریبوں پر مظالم ڈھانے ، جبراً وصول جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔اس کی اجازت کے بغیر مغربی بنگال میں کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔دریں اثناء مغربی بنگال کی وزیر اعلی ٰممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کی ریلی میں شامیانہ گرنے سے زخمی ہونیوالوں سے اظہار افسوس کیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکو مت تمام زخمیوں کے علاج کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کریگی۔
مزید پڑھیں:- - - -مہاراشٹر: دودھ کی قیمت نہ بڑھنے پر کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ

شیئر: