Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 128 رنز سے ہرا دیا، سیریز 1-1 سے برابر

معاذ صداقت نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی (فوٹو: اے ایف پی)
تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 128 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔
جمعے کو میرپور میں بنگلہ دیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مہمان ٹیم کو 274 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی فتح کے ساتھ تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ کے دوران بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا۔ جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈی ایل ایس کے تحت بنگلہ دیش کو جیت کے 32 اوورز میں 243 کا ہدف دیا گیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس 41 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ توحید 28 اور عفیف حسین 14 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کے اوپنر سیف حسن 12 اور تنزید حسن ایک رن بنا کرپویلین لوٹ گئے۔
نجم الحسین شانتو صفر، مہدی حسن مرزا ایک، راشد حسین دو، تسکین احمد 5، مستفیض الرحمان چار اور ناہید رانا نے تین رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے تین تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے تین تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان کی ٹیم 48 ویں اوور میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ معاذ صداقت 75 اور سلمان علی آغا 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے تین اور مہدی حسن مرزا نے دو وکٹیں حاصل کیں
پاکستان کی اننگز
گرین شرٹس کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تو اپنا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے معاذ نے چوکوں چھکوں کی برسات کر دی۔ انہوں نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور ان کی صاحبزادہ فرحان کے ساتھ 100 رنز کی شراکت داری بھی بنی۔
اتنے جارحانہ آغاز اور اچھے آغاز کے بعد لگ رہا تھا کہ پاکستان اس میچ میں 350 رنز بنا لے گا۔ لیکن اپنے فینز کی توقعات کا خون کرنا پاکستانی ٹیم کا پرانا شیوہ ہے۔ معاذ صداقت 46 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد میچ کا مومینٹم ہی بدل گیا۔ صاحبزادہ فرحان 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو اپنی سلیکشن کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آنے والے شامل حسین اس میچ میں بھی ناکام رہے اور چھ رنز بنا کر ایک بار پھر ناہید رانا کا شکار بنے۔
اس موقع پر سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ٹیم کے سکور کو اپنے روایتی انداز میں آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 109 رنز کی شراکت داری بنی۔ آغا 64 رنز بنا کر بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد پاکستانی بیٹرز کی لائن لگ گئی۔ اگلے اوور میں محمد رضوان نے اپنی وکٹ گنوائی اور پھر پاکستان کا لوئر آرڈر مکمل ناکام ہو گیا۔ اور پوری ٹیم 48 ویں اوور میں پویلین روانہ ہو گئی۔

سلمان علی آغا 64 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)

آج کے میچ کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی اور مسٹری سپنر ابرار احمد کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو شامل کیا گیا ، جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ میرپور میں ہی پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے سکواڈ:

پاکستان: صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی (کپتان) اور حارث رؤف۔
بنگلہ دیش: سیف حسن، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، لٹن داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن مرزا (کپتان)، توحید ہردوئے، عفیف حسین، رشاد حسین، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن اور ناہید رانا۔

 

شیئر: