Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان زمبابوے کو کلین سویپ کرنے کیلئے تیار

بولاوائیو:پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم یہ سیریزپہلے ہی0-4سے اپنے نام کر چکی ہے۔ یکطرفہ سیریزمیں پاکستانی اوپنر فخر زمان نے اس وقت جان ڈال دی جب انہوں نے سیریز کے چوتھے میچ میں ریکارڈ ساز بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کی سب سے بڑی شراکت کے ساتھ ڈبل سنچری اور پاکستانی ٹیم کا اس فارمیٹ میں سب سے بہتر399رنز بنا کر بنیادی کردار ادا کیا۔ اس میں انہیں ساتھی اوپنر امام الحق کی سنچری اور نوجوان بیٹسمین آصف علی کی نصف سنچری کی صورت میں بھر پور تعاون حاصل رہا ۔ پاکستانی ٹیم یہ آخری ون ڈے جیت کر زمبابوے کی کلین سویپ کر سکتی ہے جبکہ فخر زمان ون ڈے کرکٹ کے تیزترین ہزار رنز اور شعیب ملک 7ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کر سکتے ہیں۔ فخر کو 20جبکہ شعیب ملک کو صرف3رنز کی ضرورت ہے جس کے لئے سابق کپتان پچھلے تینوں میچوں سے انتظار کررہے ہیں لیکن ان کی بیٹنگ نہیں آرہی۔ میزبان ٹیم اس میچ میں کلین سویپ سے بچنے کی کوشش کرے گی جبکہ اس کی ممکنہ کامیابی بڑا اپ سیٹ بھی بن سکتی ہے۔پوری سیریز کے دوران میزبان ٹیم ہر میچ پہلے کے مقابلے زیادہ آسانی سے ہارتی آئی ہے اور اس میچ میں مزید بڑی شکست سے بچنا ہی اس کی کامیابی ہوگی ۔ میزبان ٹیم میں 2تبدیلیاں ممکن ہیں جبکہ پاکستانی اسی گھسی پٹی روایت کے زیر اثر کھیلتی نظر آرہی ہے جس میں وننگ کمبینیشن ہی برقرار رکھا جاتا ہے۔وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے اور اگر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خودبیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ایک اور بڑا اسکور ممکن ہے 

شیئر: