Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر21 مارچ کو ہو گی

پاکستان کی مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ’ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا اب عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔‘
پاکستان میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لیے اسلام آباد میں جمعرات کو ہونے والے اس اہم اجلاس کی صدارت مرکزی کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین، سپارکو کے نمائندوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما نے شرکت کی۔ ملک کے دیگر بڑے شہروں بشمول کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے جنہوں نے اپنی رپورٹ مرکزی کمیٹی کو ارسال کیں۔
مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان یکم شوال المکرم 1447 ہجری کا آغاز سنیچر 21 مارچ سے ہو گا اور عید الفطر منائی جائے گی۔‘
محکمہ موسمیات اور خلائی تحقیقی ادارے 'سپارکو' نے اس سے قبل پیش گوئی کی تھی کہ آج شام چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں کیونکہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر قریباً 12 گھنٹے تھی جبکہ انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے اس کا کم از کم 19 گھنٹے کا ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے کہ وہاں عیدالفطر کل بروز جمعہ منائی جائے گی جبکہ افغانستان میں آج جمعرات کو عید منائی گئی۔
پاکستان میں 30 روزے مکمل ہونے کے بعد اب سنیچر کو ملک بھر میں عید روایتی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔

شیئر: