آبنائے ہرمز سے جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے چھ ممالک تیار
جمعرات 19 مارچ 2026 19:35
برطانیہ، فرانس، جرمنی، جاپان، اٹلی اور نیدرلینڈز نے جمعرات کو مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ ’آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ یقینی بنانے کے لیے مناسب کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
چھ مغربی اتحادی ممالک نے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے اقدامات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔
برطانیہ، فرانس، جرمنی، جاپان، اٹلی اور نیدرلینڈز پر مشتمل اس گروپ نے جمعرات کو مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ ’آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ یقینی بنانے کے لیے مناسب کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا کہ وہ ان ممالک کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں جو اس حوالے سے پیشگی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں، جبکہ خلیج میں ایران کی جانب سے غیر مسلح تجارتی جہازوں پر حالیہ حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت بھی کی گئی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انٹرنینشل میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق تقریباً 20 ہزار سمندری کارکن آبنائے ہرمز کے مغرب میں موجود تقریباً 3,200 جہازوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔
ایران کی جانب سے اس اہم سمندری گزرگاہ کی مؤثر ناکہ بندی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے، جو عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم راستہ تصور کیا جاتا ہے۔
