Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہدائے کشمیر کی قربانیاں نئی نسل کیلئے مشعل راہ

  ہرکشمیری نوجوان برہان وانی بن چکا ہے ، صبحِ آزادی کو کوئی طاقت روک نہیں سکتی ، جموں و کشمیر کمیونٹی اوور سیز کے تحت یوم شہداء کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مقررین کا خطاب
مصطفیٰ خان  ۔ جدہ
  جموں وکشمیر کمیونٹی اوورسیز کی جانب سے یوم شہید برہان وانی، جموں کے علاوہ الحاق پاکستان کے حوالے سے مقامی ریسٹورانٹ میں تقریب منعقد کی گئی ۔ صدارت کے فرائض جموں وکشمیر کمیونٹی اوورسیز کے چیئر مین سردار اشفاق نے کی جبکہ نظامت جنرل سیکریٹری سردار وقاص عنایت اللہ نے کی ۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  وادی کشمیر برسوں سے ہندوقابض افواج کے ہاتھوں لہورنگ ہے۔ بے پناہ ظلم و ستم کے باوجود وہاں کا بچہ بچہ ہندوستان سے آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا ۔ ہندوستانی افواج کو سمجھ لینا چاہئے کہ کشمیر کا ہرنوجوان برہان وانی ہے جنکی بدولت کشمیر کی تحریک اب تک قائم و دائم ہے ۔ برہان وانی کی شہادت نے تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ شہدائے کشمیر کی عظمت اور قربانیوں کو سلام ۔ صدر تقریب نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے برہان وانی کے کارناموں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا آج ہر گھر میں وانی موجود ہے ۔ ہندوستان کب تک اہل کشمیر کی آواز کو دبائے گا۔ اب آواز دبانا اسکے لئے ممکن نہیں رہا کیونکہ کشمیری کسی صورت ہندوستان کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کشمیر میں اس وقت ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے۔نوجوان کشمیریوں کو آئے روز شہید کیا جا رہا ہے۔ آئے روز برہان وانی اور شہدا ئے کشمیر کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے لیکن ان حریت کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جو آزادی کے لیے جانیں تو قربان کر رہے ہیں لیکن جذبۂ آزادی کو کسی طرح سرد نہیں ہونے دے رہے ۔ ہندکے ظلم و بربریت کو ان شا اللہ شکست ہو گی۔ اسے ایک دن کشمیریوں کی تحریک کے آگے گھٹنے ٹیکنے ہونگے ۔ اب صبح آزادی کو نمودار ہونے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔کشمیریوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم اقوام عالم سے اپیل کرتے ہیں کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو بند کروایا جائے اور کشمیریوں کیساتھ اقوام متحدہ نے رائے شماری کا جو حق دینے کا وعدہ کیا ہے اسے پورا کیا جائے۔تقریب سے سردار عبداللطیف عباسی، سردار ایم اشفاق، سردار اقبال یوسف، سردار وقاص عنایت اللہ،راجہ زرین خان، چوہدری خورشید متیال، قاری ارشاد الحق نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی اور سابق بانی چیئرمین غلام نبی بٹ کے صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔
مزید پڑھیں:- - - - -سیوہاروی اکیڈمی عازمین میں ایک لاکھ تحائف تقسیم کریگی، نجمی

شیئر: