Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ایوارڈ: نیمار جونیئر ٹاپ 10 سے باہر

 
 
زیورخ : فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے رواں سال بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے مصر کے محمد صلاح سمیت 10 فٹبالرز کو نامزد کردیا ہے لیکن برازیلی اسٹار نیمار جونیئر اس فہرست میں جگہ نہیں بناسکے۔ یہ ایوارڈ گزشتہ سیز ن کی کارکردگی پر دیا جاتا ہے تاہم اس مرتبہ ورلڈ کپ بھی کھیلا گیا ہے اور اس میں نمایاں رہنے والے فٹبالرز بھی نامزد کئے گئے ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے فرانسیسی فٹبالر کیلیان مباپے، کروشیا کے لوکا موڈرچ ،بیلجیئم کے ایڈن ہیزارڈ اور کیون ڈی برون بھی فہرست میں شامل ہیں۔ انگلینڈ کے ہیری کین کے علاوہ انگلش کلب لیورل پول کیلئے عمدہ کھیل پیش کرنے والے مصر کے محمد صلاح بھی فہرست کا حصہ ہیں لیکن دنیا کے سب سے مہنگے فٹبالر اور فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے برازیلی فارورڈ نیمار جونیئر اس ایوارڈ کے لئے نامزدگی بھی حاصل نہیں کر سکے۔ محمد صلاح نے سیزن میں شاندار اور ریکارڈ ساز کارکردگی دکھائی تھی۔ 5مرتبہ بہترین فٹبالر ایوارڈ ”بیلون ڈی اور “جیتنے والے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اپنے ملک کو ورلڈ کپ میں کامیابی نہ دلا سکے لیکن انہوں نے گزشتہ سیزن کے دوران 54 لیگ مقابلوں میں اتنے ہی گول اسکور کر کے ایک اور سال کو یادگار بنایا اور ان کی کارکردگی کی بدولت ر ئیل میڈرڈ نے لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے کے ساتھ ساتھ کلب ورلڈ کپ بھی جیتا۔جن 10کھلاڑیوں کو فیفا ایوارڈ کیلئے نامزد کیاگیا ان میں محمد صلاح، کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، کیون ڈی برون، ایڈن ہیزارڈ، اینٹوئن گریزمان، ہیری کین، لوکا موڈرچ، کائلیان ایمباپےاور رافیل ویرین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سال کے بہترین کوچ کیلئے 11ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں عالمی چیمپیئن فرانس کے ڈائیڈیئر ڈیشمپ اور رئیل میڈرڈ کو لگاتار 3 مرتبہ چیمپیئنز لیگ جتوانے والے زین الدین زیدان شامل ہیں۔ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ کروشیا کے کوچ زلاٹکو ڈیلک کو شاندار کارکردگی پر فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ انگلینڈ کے گیرتھ ساوتھ گیٹ اور بیلجیئم کے روبرٹو مارٹینیز بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔
 

شیئر: