Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی قیادت پر اعتماد ہے‘: ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر میں معمول کی سرگرمیاں جاری

ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر میں معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
ریاض کی موجودہ صورتحال پر تشویش کے باوجود سعودی دارالحکومت کے ڈپلومیٹک کوارٹر میں لوگ معمولاتِ زندگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عرب نیوز سے سڑک پر گفتگو کے دوران ایک سعودی شہری اور جنوبی کوریا کی ایک طالبہ نے معمولاتِ زندگی جاری رہنے اور خود کو محفوظ محسوس کرنے کا اظہار کیا۔
ڈپلومیٹک کوارٹر میں موجود سعودی شہری ہیفا عبداللہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے ان کی روزمرہ زندگی کے بارے میں سوچ نہیں بدلی اور انہیں شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے مملکت کی صلاحیت پر اعتماد ہے۔
ہیفا عبداللہ نے کہا کہ ’صورتحال محفوظ اور پُرامن ہے اور کوئی چیز ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔ ہماری زندگی اور وقار محفوظ ہے اور حکومت نے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔‘
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خوف کے باعث اپنی روزمرہ سرگرمیاں ترک نہیں کرنی چاہییں بلکہ معمول کے مطابق کام پر جانا اور زندگی کے دیگر معمولات جاری رکھنے چاہییں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں خوف کے باعث اپنے گھروں میں محدود نہیں رہنا چاہیے اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے ہماری زندگی معمول سے نہیں ہٹنی چاہیے۔‘
سعودی شہری حنین محمد بھی اتوار کو اپنے اہلِ خانہ اور بچوں کے ساتھ ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر گئیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باوجود وہ خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں اور پُراعتماد ہیں۔
حنین محمد نے کہا کہ ’سب کچھ ٹھیک ہے، حالات معمول کے مطابق ہیں، بالکل معمول کے مطابق۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت پر اعتماد کی وجہ سے انہیں خوف محسوس نہیں ہوتا۔

ہیفا عبداللہ نے کہا کہ صورتحال محفوظ اور پُرامن ہے (فوٹو: عرب نیوز)

حنین محمد نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنے کے تجربات نے ان کے اعتماد اور تحفظ کے احساس کو مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ماضی میں کئی بار ایسی صورتحال کا سامنا کر چکے ہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ ہر بار حالات آسانی سے گزر گئے۔‘
روزمرہ زندگی جاری رکھنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حنین محمد نے کہا کہ ان کے خاندان کی سرگرمیاں زیادہ متاثر نہیں ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے ہماری زندگی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑ رہا۔ ہم معمول کے مطابق اپنے کام کر رہے ہیں، باہر جا رہے ہیں، مختلف مقامات کی سیر کر رہے ہیں اور زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان کا خاندان اب بھی مقامی پارکوں اور ڈپلومیٹک کوارٹر میں واقع شاپنگ کمپلیکس عود سکوائر جاتا ہے جہاں وہ ایک ساتھ وقت گزارتے اور بچوں کو سیر کے لیے لے جاتے ہیں۔

حنین محمد نے کہا کہ ان کے خاندان کی سرگرمیاں زیادہ متاثر نہیں ہوئیں (فوٹو: عرب نیوز)

ایک اور انٹرویو میں جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی ہائی سکول کی ایک طالبہ نے ڈپلومیٹک کوارٹر کے ایک کیفے میں بیٹھے ہوئے وہاں کے پُرسکون ماحول کے بارے میں بتایا۔
سعودی عرب میں تقریباً ڈھائی سال سے مقیم کورین طالبہ نے کہا کہ وہ کچھ دیر پہلے ہی کیفے پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ ’مجموعی طور پر میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘ انہوں نے اپنے اردگرد کے ماحول کو محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ پُرسکون دکھائی دے رہے ہیں اور اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شیئر: