Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہنگیا پناہ گزینوں کےلئے رابطہ عالم اسلامی کا جامع منصوبہ شروع

جدہ ..... رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی امداد کےلئے جامع منصوبے کا آغاز کر دیا ۔ منصوبے کے تحت پناہ گزینوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بہترین خدمات مہیا کی جائیں گی ۔ سبق نیوز کے مطابق ڈاکٹر العیسی نے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا پناہ گزین جن حالات سے گزر رہے ہیں انہیں دیکھتے ہوئے فوری امدادی منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پناہ گزینوں کو بہترین خدمات مہیا کرنے کےلئے کام کیا جائے گا ۔ پناہ گزینوں کو امور صحت اور انکے بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے کام کیاجائے گا تاکہ وہ بہتر طور پر زندگی گزار سکیں اور بے سروسامانی کے عالم میں انکی مشکلات قدرے کم ہو سکیں ۔ ڈاکٹر العیسی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے تحت روہنگیا مسلمانوں کےلئے امدادی سینٹرکے منصوبوں کو مزید فعال اور بہتر بنانے کےلئے بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ منظم انداز میں ان لوگوں کی خدمت کی جاسکے ۔ امدادی سینٹر کے تحت جہاں پناہ گزینوں کو ضروریات زندگی فراہم کی جارہی ہیں وہاں ان کی تعلیم اور فنی تربیت کا بھی بندوبست کیاجائے گا تاکہ وہ مستقبل میں انکے کام آئے خاص کر بچوں کو تعلیم فراہم کرنا انتہائی اہم ہے تاکہ وہ بڑے ہو کر مفید شہری ثابت ہو سکیں اور زندگی کی دوڑ میں بہتر طریقے سے شریک ہوں ۔ اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ رابطہ کے تحت روہنگیا مسلمانوں کی بے بسی اور ان پر ڈھائے جانےوالے مظالم سے دنیا کو متعدد بار آگاہ کرنے کےلئے بیانات جاری کئے جاچکے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ برما میانمار میں نہتے مسلمانوں کے ساتھ کس طرح کا ظلم و ستم ڈھایا جارہا ہے اس حوالے سے رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے عالمی تنظیموں سے مسئلے کے حل کےلئے فوری مداخلت کرنے اور پناہ گزینوں کی امداد کےلئے بھی کہا گیا ہے ۔سیکریٹری جنرل نے مزید کہا میانمار میں مسلمانوں پر جس طرح کے مظالم ڈھائے گئے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ۔ ظلم وستم کی تصویروں کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔ جس بربریت سے برما کے نہتے مسلمان گزر رہے ہیں وہ دہشتگردی اورکھلی سفاکی ہے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ رابطہ عالم اسلامی اپنے جامع منصوبے کے تحت بنگلہ دیش کے کیمپوں میں ہر پناہ گزین کو فنی تربیت دےگی تاکہ وہ معاشرے میں اپنا بہترین مقام بنا تے ہوئے اپنے اہل خانہ کی سرپرستی کر سکیں ۔ 

شیئر: