Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران طاہر :جنوبی افریقہ میں چمکنے والا پاکستانی ستارہ

ندیم ذکاء ۔ جدہ
پاکستان نژاد جنوبی افریقہ کی قومی کرکٹ ٹیم کے رکن عمران طاہر بے پناہ ٹیلنٹ ہونے کے باوجود پاکستانی قو می ٹیم میں سلیکٹ نہ ہو سکے۔27مارچ 1979ءکو لاہور کے متوسط گھرانے میں پیدا ہونے والے عمران طاہر نے بچپن ہی سے کرکٹ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا تھا۔گلیوں سے کلبوں تک بہت زیادہ محنت اور لگن کے باعث انہوں نے انڈر ۔19میں جگہ بنا لی تاہم قومی ٹیم کیلئے کسی سلیکٹر کا دھیان ان کی جانب نہیں گیا۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے بہترکیرئیر کی تلاش میں اپنا مستقل بسیرا جنوبی افریقہ میں کرنے کو فوقیت دی۔ شروع شروع میں ایک دکان پرسیلزمین کی حیثیت سے کام کر نے والے عمران طاہر کرکٹ سے جڑے رہے اور مختلف کلبوں کی نمائندگی کرتے رہے۔ کرکٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ کے باعث لیگ بریک اسپنرجنوبی افریقہ میں سلیکٹرز کی نظر میں آگئے اور کاونٹی کرکٹ کیلئے سلیکٹ ہو گئے۔ عمران طاہر نے اب اپنا زیادہ وقت دوبارہ کرکٹ کے میدانوں میں گزارنا شروع کردیا۔ عمران نے زندگی کے چند سال انگلینڈ میں گزارے جہاں پر انہیں سخت محنت کی عادت نے کامیابی کے جھنڈے گاڑنے میں مدد دی۔ انہوں نے تقریباً 27فرسٹ کلاس ٹیموں کی جانب سے بہترین اسپن بولنگ کر کے یاد گار کرکٹ کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی قومی کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے جب اس گگلی بولر کو قومی ٹیم میں آنے کی دعوت دی تو ایک بار پھر تقدیر نے انہیں آزمائش میں ڈال دیا۔ عمران طاہر کے پاس جنوبی افریقہ کی شہریت نہیں تھی اور وہ قومی ٹیم میں سلیکٹ نہیں ہو سکتے تھے۔ اس دوران وہ جنوبی افریقہ کی اے ٹیم کے لئے منتخب ہو چکے تھے کہ انہوں نے جنوبی افریقہ میں مقیم ہند نژاد لڑکی سمیعہ دلدار سے شادی کا ارادہ کر لیا۔ 8سالہ محبت رنگ لائی اور سمعیہ سے شادی کے بعد انہیں وہاں کی شہریت مل گئی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے کرکٹ کی دنیا میں بڑے بڑے ریکارڈ کی جانب اپنی توجہ مبذول کر لی۔ آئی پی ایل اور پی ایس ایل میں بھی اپنی خوبصورت اسپن بولنگ اورگگلی گیندوں سے میچ وننگ بولر بننے والے عمران طاہر جنوبی افریقہ کی جانب سے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 7وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس کے ساتھ ہی سب سے تیز 100وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیاجو کہ انہوں نے 58میچز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ 17فروری 2017ءکو ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے تیز 50وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے۔ عمران طاہر گزشتہ ورلڈ کپ میں 29وکٹیں لے کر پہلی پوزیشن پر رہے۔ 

شیئر: