Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کا کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

ویلنگٹن:نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا اور اب دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی ہوم سیریز حسب سابق متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی ماہ پہلے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے اور سیریز پاکستان میں کھیلنے کی درخواست کی تھی۔پی سی بی نے نیوزی لینڈ کوپاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلنے کی پیشکش کی تھی اور یہ پیشکش پاکستان میں پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اور فائنل کے کامیاب انعقاد کے علاوہ سری لنکا اور ویسٹ انڈین ٹیموں کے پاکستان میں کھیلنے کے بعد کی گئی تھی ۔ اس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم نے بھی پاکستان میں سیریز کھیلی تھی ۔چیئرمین نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے متعلقہ تمام فریقوںسے مشاورت کی تاہم سیکیورٹی ماہرین نے ہمیں پاکستان میںسیریز کھیلنے سے روکا ہے۔ ہمارے اس فیصلے سے پی سی بی حکام کو یقینی طور پر بڑی مایوسی ہوگی لیکن وہ اچھے لوگ ہیں اور حقائق کو مد نظر رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکن اورویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔ ہم نے اپنے معاملات کو مد نظر رکھ کر جو فیصلہ کیا ہے اس پر مطمئن ہیں۔بارکلے کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس بات سے بھی آگاہ ہیں کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل پاکستان میں بین الاقوامی میچوں اور ٹیموں کے دورے کے لئے کوشاں ہے ۔ تنظیم کا رکن ہونے کی حیثیت سے ہم بھی اس عمل میں اس کی پوری حمایت کرتے ہیں لیکن فی الحال اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتے۔کیوی عہدیدار کے دعوے اپنی جگہ لیکن کئی ماہ قبل دعوت ملنے کے باوجود نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے کسی نمائندے یا سیکیورٹی عہدیدار نے پاکستان کا دورہ کرکے صورتحال کا موقع پر جائزہ لینے کی زحمت نہیں کی۔ نیوزی لینڈ کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان اب نیوزی لینڈ کی متحدہ عرب امارات میں سیریز کیلئے میزبانی کرے گا، اس سیریز میں 3ٹیسٹ، 3ون ڈے اور 3ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

شیئر: