Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی میں ہارون رشید اور عثمان واہلہ کی ذمہ داریاں تبدیل

  لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ ہارون رشید کا تبادلہ کراچی کردیا گیا ہے لیکن وہ ڈائریکٹر کی حیثیت سے تھری ان ون ہوں گے۔پی سی بی نے ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید کا پی سی بی ہیڈ کوارٹر سے کراچی تبادلہ کرکے انہیں مکمل طور پر نیشنل اسٹیڈیم کا انچارج بنادیا ہے۔ ہارون رشید سے انٹرنیشنل کرکٹ کا چارج لیکر عثمان واہلہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔عثمان واہلہ جو میڈیا مینجر تھے انٹرنیشنل کرکٹ کے انچارج بن گئے ہیں۔ وہ ملکی اور غیر ملکی سیریز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات کو بھی براہ راست دیکھیں گے۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ ہارون رشید کو ڈومیسٹک کرکٹ تک محدود کردیا ہے جبکہ عثمان واہلہ سینیئر جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز بن گئے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے بورڈز اور آئی سی سی سے رابطے میں رہیں گے۔ کرکٹ ٹیم کے کیمپ اورغیر ملکی کوچز بھی عثمان واہلہ کی نگرانی میں کام کریں گے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہارون رشید کراچی آکر سائیڈ لائن ہوگئے ہیں لیکن ان کی قابلیت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجم سیٹھی نے مزید با اختیار بنا دیا ہے۔ اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان کئی سال سے کامیابی سے تمام معاملات چلا رہے تھے اب وہ بھی ہارون رشید کو رپورٹ کریں گے۔ہارون رشید کراچی میں بیٹھ کر ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر کو نہیں بلکہ چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو رپورٹ کریں گے۔پی سی بی کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے سابق ٹیسٹ اسپنر اور کراچی ہائی پر فارمنس سینٹر کے سابق ڈائریکٹر اقبال قاسم بھی کراچی میں کام کے دوران اختیارات مانگ رہے تھے۔ کراچی کے ہائی پرفارمنس میں ڈائریکٹر ساوتھ کی نئی پوسٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کراچی کی علاقائی کرکٹ اکیڈمی میں اس حیثیت سے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کی تقرری کا فیصلہ ہوا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ڈیڑھ ارب روپے کا ترقیاتی کام بھی ہارون رشید کی نگرانی میں ہوگا جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر کی دہری ذمے داری ملنے سے بورڈ کو ماہانہ 5 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ہارون رشید اقبال قاسم کی خالی ہونے والی پوسٹ کو بھی پر کریں گے، انہیں کراچی اکیڈمی کو متحرک کرنے کا بھی ٹاسک دیا گیا ہے، کراچی اکیڈمی میں جدید جمنازیم بھی بنایا جارہا ہے۔کراچی کی اکیڈمی کو پاکستان خواتین ٹیم کیلئے مختص کردیا جائے گا۔ خواتین کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ اور دیگر سیشن نیشنل اسٹیڈیم کراچی ہی میں ہوں گے ۔ اس سلسلے میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے دو غیر ملکی کوچز کی مدد لی جائے گی۔یہ دونوں کوچز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ہیں۔

شیئر: