Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے پہلی تقریر میں جو کہا، وہ کر دکھائیں، کچھ اور نہیں چاہئے، قارئین

***عبدالستار خان حجازی***
پاکستان میں ایک مرتبہ پھرجمہوری حکومت نے اپنی مدت پوری کی ، انتخابات کا کامیاب انعقاد ہوا اور جمہوری انداز میں انتقال اقتدار بھی ہو رہا ہے ۔مژدہ باد اے ساکنانِ پاکستان کہ گزشتہ 10برسوں سے وطن عزیز میں کم از کم اقتدار کی حد تک جمہوریت کا تسلسل برقرار ہے۔آنے والی حکومت پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے کامیاب ترین کپتان، عمران خان کی ہوگی جن کا کہنا ہے کہ ان کی اصل طاقت ہیں وطن کے نوجوان، وہ تبدیل کر دیں گے پاکستان،کسی شعبے میں نظر نہیں آئے گا کوئی بدعنوان، وہ کشکول توڑ دیں گے، ناامیدی کے باعث ٹوٹے دلوں کو جوڑ دیں گے، وطن کی جانب بڑھنے والے بحرانوں کا رُخ موڑ دیں گے، ماضی میں انہیں مخالفین نے جو کچھ کہا وہ اس کے بارے میں سوچنا بھی چھوڑ دیں گے، ان کی حکومت آئے گی توامیر و غریب کے لئے ملک میں انصاف کا یکساں نظام ہوگا،عوام کو سہولتوں کی فراہمی کا اہتمام ہوگا، اقوام عالم میں پاکستان کا بلند مقام ہوگا ، اندرون اور بیرون ملک ہر پاکستانی کا احترام ہوگا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ملکی خزانے سے لوٹے گئے اربوں ڈالر بیرون ملک سے واپس لائیں گے ،عوام کو قرضوں سے نجات دلائیں گے، قوم کو باوقار بنائیں گے،شہر وں اور قریوں کو درختوں سے سجائیں گے،وطن میں وہ تبدیلی لے کر آئیں گے کہ بیرو ن ملک رہنے والے پاکستانی پردیس کو چھوڑ کر پاکستان آئیں گے۔عمران خان کے ان دعووں کے بارے میں پاکستانی کیا کہتے ہیں، وہ نئی ’’عمرانی حکومت ‘‘ سے اورکیا توقعات رکھتے ہیں، یہ جاننے کے لئے اردونیوز نے آن لائن سروے کیاجس کا احوال نذر قارئین ہے:  
٭٭شیراز، ریاض: میرے جیسے عوام کے متعدد مسائل ہیں جو حل ہونے چاہئیں۔
٭٭عامر علی: ہری پور، پاکستان:میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں تعلیم کا نظام ٹھیک ہوجائے، سڑکیں اچھی ہوں، قانون ٹھیک ہو،کرپشن کا خاتمہ ہو، اسلامی قانون بننا چاہئے، لوگوں کو روزگار ملے۔
٭٭محمد رمضان، جدہ:عمران خان کرپٹ مافیا کا خاتمہ کریں گے، ان شاء اللہ۔
٭٭زینب افضل، ابھا:پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ، کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔
٭٭حنان احمد، منڈی بہاء الدین: عمران خان ہماری امید ہیں۔ اللہ کریم انہیں زندگی دے۔ صحت دے، بس ہمارے پاک وطن کو ایسا بنا دیں جیسا قائد اعظم دیکھنا چاہتے تھے۔
٭٭نعیم الرحمن عبدالرحمن ، اوکاڑہ: اللہ کریم کا احسان ہے کہ جس نے پاکستان کو عمران خان جیسا سربراہ عطا فرمایا۔ گوکہ کافی لوگ حکومت میں کرپٹ ہوں گے پھر بھی خان صاحب، ان شاء اللہ، جتنا ممکن ہو سکا ملک کے لئے اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اللہ تعالیٰ سارے اچھے کاموںمیں عمران خان کو کامیاب فرمائے۔
٭٭ عزیز الرحمن ، ریاض: میں پی ٹی آئی حکومت سے درخواست کروں گا کہ جلد از جلد ڈیمز بنائیں، تعلیم ، صحت اور پولیس میں اصلاحات لائیں۔
٭٭مظہر سعید، جدہ:عمران صاحب این آر او سے جن لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہے ان سب سے پیسہ واپس لیں تو آپ آج کی دنیا کے سب سے اچھے لیڈر بن جائیں گے۔
٭٭ارشد محمود، کراچی:ڈپیوٹیشن پر آئے ہوئے تمام اہلکاروں کو واپس اپنے محکموں میں بھیجا جائے۔
٭٭حنیفہ خاں، ریاض: مجھے امید ہے کہ آئندہ برسوں میں عمران خان ملک کو ہر شعبے میں ترقی دیں گے لیکن ہم نے اپنے حصے کا کام کیا تو ملک ترقی کرے گا۔ ہمیں فرد واحد پر تکیہ کر کے نہیں بیٹھنا چاہئے کیونکہ صرف سخت محنت کرنے سے ہی اس کا پھل ملتا ہے۔
٭٭علی رحمن، محمد زبیر، ریاض:ہم سب کو عمران خان کے ساتھ محنت کرنا ہو گی۔
٭٭حنیفہ خاں، ریاض: مجھے امید ہے کہ خان صاحب اپنا کردار ضرور ادا کریں گے اور ملک کو مضبوط بنائیں گے۔
٭٭حنیفہ خاں: ہمیں بھی اپنی سی کوشش کرنی چاہئے۔ عمران خان تو محنت کریں گے ہی۔
٭٭عامر مصطفی ، الخبر: ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان نے جو کہا ہے  اور جو وعدے انہوں نے قوم کے ساتھ کئے ہیں، انہیں پورا کریں۔
٭٭قیصر محمود، ہری پور: عمران خان نے پاکستان کو نئی سوچ دی ہے اور طاقتور کے خلاف فیصلہ کرنے کی ہمت دی ہے۔ کے پی کے کے لوگوں نے پہلی مرتبہ دوسری بار کسی حکومت کا انتخاب کیا ہے۔ عمران خان ملک کو ترقی دیں گے، ان شاء اللہ۔
٭٭عابد اللہ، مینگورہ: امید ہے کہ پی ٹی آئی اپنے وعدوں پر پوری اترے گی۔
٭٭ملک یاسین ناصر محمد علی، بوریوالا: جو 70 سال میں ہوا، اس سے تو بہترہی ہوگا۔ جن لوگوں نے اس پورے عرصے میں کچھ نہیں کیا وہ نئی حکومت بننے سے پہلے ہی اسلامی ریاست بنانے کامطالبہ کررہے ہیں، اپنے وقت میں تو ان کو نہ حرام کا پتا تھا نہ حلال کا، صرف انہیں کرپشن کا پتا تھا۔ نئے نئے کرپشن کے طریقے ایجاد کئے، ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا۔ آنے والی عمران حکومت صرف اور صرف چوروں سے لوٹا ہوا مال واپس لے تو سب سے بڑا کام ہے۔ آئندہ کوئی ایسا نہ کر سکے۔ کرپشن کا دروازہ اسی طرح بند کیاجائے جس طرح چین میں بند کیا گیا ہے۔
٭٭سمیع اللہ خان، خوشاب: ایشین ٹائیگر ، علی رحمن، محمد زبیر، اپر دیر: ان شاء اللہ، عوام اور ملک کی خیر ہوگی۔
٭٭عمر فاروق، بہاولنگر: اسلامی نظام کا نفاذ مسائل کا جامع اور مستقل حل ہے۔ کرپشن کا خاتمہ ہو نیزہر امیر اور غیریب پر قانون کی برابر کی بالا دستیہونی چاہئے۔
٭٭بلال صدیق، مدینہ منورہ: جو وعدہ کیا وہی کافی ہے۔
٭٭محمد خورشید، ریاض: اللہ کریم سے دعا ہے کہ وہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ہمت و طاقت دے کہ وہ ملک میں امن و استحکام قائم کر سکیں۔ صدر ایوب کا سا دور واپس لا سکیں۔ دعا ہے کہ ہماری فوج کو وہ ہمیشہ طاقتور بنائے رکھے اور پاکستان علاقے کی سپر طاقت بن جائے۔
٭٭عرفان طارق، اسلام آباد: عمران خان نے اقتدار میںآنے سے پہلے بہت سے وعدے کئے جوبلا شبہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔ اگر وہ اپنے وعدے پورے نہ کر سکے تو پھر عوام کا دوسرے سیاستدانوں کی طرح ان پر سے بھی اعتبار اٹھ جائے گا۔ عمران کو پہلے ہی سال میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔
٭٭علی انوار، لاہور: تمام سیاستداں ہی صفر ہیں۔
٭٭محمد حسین، جدہ: پاکستان میں کرپشن کو روکیں، سیاہ دھن کو واپس لائیں۔
٭٭شاہد منیر، ریاض: عمران خان نے نیا پاکستان بنانے کی بات کی لیکن جب وہ پرویز الٰہی گروپ کو ساتھ لے آئے تو فیل ہوگئے۔ انہوں نے کئی چور اور ڈاکو بھرتی کر لئے۔ اب وہ پرانی ٹیم کے ساتھ نیا پاکستان بنائیں گے۔ خیر امید ہے کہ وہ 75بلین ڈالر کا قرضہ ختم کرائیں گے۔ ہم انہیں ترکی کے صدر اردگان کی طرح دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
٭٭عاشق منیر، لوئر دیر:ہمیں امید ہے کہ عمران خان ملک کے لئے بہتر کام کریں گے، اپنے وعدے پورے کریں گے اور عوام کو مایوس نہیں کریں  گے۔
٭٭محمد شاہد، لاہور: عمران کا جیتنا دنیا میں پاکستان کا وقار بڑھانے کے لئے اچھا ہے ۔
٭٭خان سردار ، ریاض: ہمارے ملک میں وزراء کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔ ان میں مناسب انداز میں کمی کی جائے تو اس سے ملک کو فائدہ ہوگا۔
٭٭زاہد حسین، میر پور خاص: خان صاحب مدینہ منورہ جیسی ریاست کی مثال دیتے ہیں، ویسا کر کے دکھادیں تو پھر کسی چیز کی ضرورت نہیں۔
٭٭عامر جہاں، جازان:آئندہ 5برس میں توقع ہے کہ ہم بطور پاکستانی باہر کے ممالک میں اپنی شناخت قائم کر لیں گے۔ہماری خواہش ہے کہ دنیا کے کسی کونے میںہمیں نچلے درجے کا شہری نہ سمجھا جائے، ہمارے گرین پاسپورٹ کو عزت ملے، ملک میں سب کو ملازمتیں فراہم کی جائیںتاکہ انجام کار ہمیں پردیس کی تکلیف اور مصائب سے چھٹکارہ مل سکے، ملک میں امن و امان کی فضا قائم ہو، قتل و غارت، بم دھماکوں اور لوٹ کھسوٹ سے جان چھوٹے۔ جان و مال محفوظ رہیں، مہنگائی کم ہو، صحت کے شعبے کو خاص اہمیت دی جائے تاکہ لوگ علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی بجائے ملک میں ہی علاج کروائیں۔ سب کا احتساب برابری کی بنیاد پر ہو، کرپشن پر سخت سزا دی جائے ، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی کام کئے جائیں۔
٭٭مرزا ضیاء الرحمن ، ٹوبہ ٹیک سنگھ:متعدد وزراء رضاکارانہ طور پر کام کریں گے۔ بے شمار پاکستانی واپس جا کر اسٹیل ملز ، سوئی گیس ا ور پی آئی اے میں خدمات انجام دینے کے لئے تیار ہیں۔
٭٭اشفاق خالد، ہفوف:عمران خان شاندار کا کردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
٭٭حیدر آغا، کراچی: کچھ بھی نہیں ہوگا۔
٭٭کامران یاسین، کراچی: تعلیم اور صنعتی زون، آئی ٹی سیکٹر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
٭٭جٹ زادہ، فیصل آباد: کوئی امید نہیں۔
٭٭راجید گل، ہنگو: الحمد للہ، ہمیں فخر ہے کہ کئی برسوں کے بعد اللہ کریم نے ہمیں عمران خان کی شکل میں ایسا وزیر اعظم دیا ۔ امید کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ، عمران کی حکومت پورے پاکستان میں رنگ جمائے گی اور حالات بہتر ہوں گے۔ عمران اپنے خطاب میں جو باتیں کہتے ہیں، ویسے ہی کریں گے۔ ان کی حکومت آنے سے لوگ بہت زیادہ خوش ہیں۔ جو لوگ پردیس میں زندگی گزار تے ہیں وہ مشکلات میں ہوتے ہیں لیکن عمران خان کے جیتنے سے خوش ہیں۔ 
٭٭عبدالرحمن ، بحرہ: کرپشن سے پاک پاکستان چاہئے ۔
٭٭قمر چوہان، دمام:وزراء پر عوام کو نظر رکھنی چاہئے۔عدالتوں سے سب کو انصاف فراہم کیاجائے۔ دوسروں کو حکومتی امور میں مداخلت سے دور رکھا جائے۔ کسی بھی منتخب سیاستداں کو کسی بھی عدالتی فیصلے سے اس کی پوزیشن سے نہ ہٹایاجائے۔ اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنے دیاجائے۔
٭٭میاں سجاد، سیالکوٹ: پی ٹی آئی سے ہمیں بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔
٭٭محمد شہزاد، ریاض: نئی حکومت سے ہمیں کوئی توقعات نہیں۔زیادہ تر سیاستداں کام کے معاملے میں ایک جیسے ہیں۔ بدعنوان اور کام میں صفر۔
٭٭وقاص احمد، الخبر: عمران خان پاکستان کے اچھے لیڈر ہیں۔
٭٭ملک انصار ، میانوالی: ہیلتھ اور ایجوکیشن، پرائیویٹ اسکول اور اسپتال ختم کر کے یکساں سرکاری نظام، بیروزگاری کا خاتمہ اور کشمیر کی آزادی چاہئے۔
٭٭حبیب اللہ میمن، دادو: عمران خان آئے اور نیا پاکستان بنے۔
٭٭تنویر عباس، پاکستان: کرپشن پر کنٹرول کیاجائے۔
٭٭عاشق علی ، جدہ:ملکی ترقی کے لئے سب سے پہلے تو یہ ضروری ہے کہ سرکاری ادارے سیاست سے پاک ہوں، رشوت خوری سے نجات ضروری ہے۔ پولیس کو سیاست سے پاک کرنا ضروری ہے۔ عمران خان نے ایسا کر لیا تو پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے میں دیر نہیں لگے گی۔ ان شاء اللہ ، عمران خان یہ کام ضرور کریںگے۔
٭٭عرفان اللہ، لوئر دیر: ’’میں پاکستانی ہوں‘‘۔
٭٭حسیف امجد، جبیل:اوور سیز پاکستانیوں کوووٹنگ کا حق دیاجائے۔
٭٭محمد اصغرمحمد امین ، فیصل آباد: عمران خان ایماندار اور محنتی شخص ہیں، وہ عوام کے لئے ضرور کام کریں گے۔
٭٭بخش صالح، جدہ: محتاجوں، یتیموں اور بیوائوں کی مدد کی جائے۔
٭٭خالد لطیف ، جدہ: امید ہے کہ عمران خان اگلے5برسوں میں اللہ کریم کی مدد اور عوام کے تعاون سے پاکستان کے لئے بہت کچھ کریں گے۔ یہ وقت عمران کے لئے بہت کٹھن ہوگا۔ 
٭٭امتیاز راجہ، جدہ: پاکستان کے تمام مسائل کا حل قانون کی حکمرانی ہے۔ پاکستان کی تمام سابقہ حکومتیں اس پر عملدرآمد کرانے میںناکام رہیں۔ چھوٹے چوروں کو تو پکڑ کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے مگر بڑے مگر مچھ آزاد گھومتے رہتے ہیں۔ اگر وہ گرفتار ہو بھی جائیں تو ضمانت لے لیتے ہیں۔ ایک عام پاکستانی کی شدید خواہش ہے کہ کوئی تو ہو جو غریبوں کے لئے کچھ کرے۔عمران خان مدینہ منورہ کی ریاست کی مثال اپنی ہر تقریر میں دیتے ہیں اور صحیح کہتے ہیں کہ کفر کا نظام تو چل سکتا ہے، ظلم کا نہیں۔ اب عوام نے مینڈیٹ دے دیا ہے، اب خانصاحب کو ڈلیور کرنا ہے اور ثابت کرنا ہے ۔ اگر نو منتخب حکومت خدانخواستہ ناکام ہو گئی تو پھر شاید ہی عوام کسی پر آئندہ اعتماد کریں گے۔
٭٭سہیل جہانگیر، کراچی: سب سے پہلے تو پاکستانیوں کو مبارکباد کہ انہیں کرپٹ سیاستدانوں سے چھٹکارہ ملا۔ عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں جو کچھ کہا ہے ، اگر وہ اس پر عملدرآمد کر لیں تو عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔
٭٭اویس ناز، الخبر: میں سمجھتا ہوں کہ سب سے زیادہ ضروری چیز کرپشن کی روک تھام ہے۔ قوم کے لئے روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں۔
٭٭محمد عباس، دمام: قومی اسمبلی میں کیفیٹیریا اور میڈیکل سینٹر بند کر دیں جہاں کروڑ پتی جا کر انجوائے کرتے ہیں، بریانی کھاتے ہیں اور وہ بھی صرف چند روپے میں۔
٭٭آصف نذیر، نجران: عمران خان نے پہلی تقریر میں جو وعدے کئے ہیں ، بس انہی کو پورا کر دیں، پھر کچھ اور نہیں چاہئے ،مزید کوئی مطالبات نہیں۔
٭٭غلام مصطفی ، دوحہ: ان شاء اللہ، ہر آدمی کو انصاف ملے گا۔
٭٭ثاقب چیمہ، سیالکوٹ: بجلی 24گھنٹے اور انصاف چاہئے۔ پولیس جھوٹے کیس نہ بنائے۔ ملک کا مستقبل اچھا ہو، پاکستان کے پاسپورٹ کی دنیا میں قدر ہو۔
٭٭محمد الیاس اوگھی، مانسہرہ: رشوت اور کرپشن کا خاتمہ ، چیف جسٹس ثاقب نثار کی مدت ملازمت میں مزید 5سال کے لئے توسیع انتہائی ضروری ہے۔
٭٭فضل رحمن، لاہور: قانوان کی بالا دستی چاہئے۔ امیر اور غریب کا قانون ایک ہو۔
٭٭خان حق سر، صوابی، منیری بالا: ہم پی ٹی آئی سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ کرپشن کا خاتمہ کرے گی، مضبوط خارجہ پالیسی بنائے گی، توانائی اور بیروزگاری کا مسئلہ ختم کرے گی اور ملک میں امن قائم کرے گی۔
٭٭بدر مجید، نجران: ساری لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے۔ تمام کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈالا جائے اور پھانسی دی جائے۔ پانامہ پیپرز میں جن 400لوگوں کے نام آئے ہیں وہ اپنی پوزیشن واضح کریں۔ آمدنی کے ذرائع بتائیں اور ٹیکس ادا کریں۔تمام سیاستداں اور ان کے خاندان بھی اپنی آمدنی کے ذرائع بتائیں۔ 
٭٭محمد شیراز، سیالکوٹ: امید ہے کہ قائد اعظم والا پرانا پاکستان ملے گا اور اسلامی قوانین والا پاکستان ملے گا۔
٭٭خرم شفیق، ملتان: سب سے پہلے تو نوجوانوں کو روزگار دیاجائے۔ روزگار اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
٭٭محمد عباس ، جھنگ: پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ یہ غریب عوام کے لئے بہترین ہوگی۔
٭٭محمد احمد ، لاہور: پاکستان ترکی جیسا ملک بن جائے گا اور عمران ، طیب ادرگان جیسے بن جائیںگے۔
٭٭نسیم عباس، سیالکوٹ: پاکستان کی سربلندی ہے ، لہٰذا اسے بین الاقوامی سطح پر جانا ہے۔ ایمان سلامت ہو ، عورت محفوظ ہو، سوائے اللہ کریم کے کسی کا ڈر نہ ہو، سنی شیعہ  اتحاد ہو، مختلف ممالک سے تعلقات مزید مستحکم  اور برابری کی بنیادپر استوار ہوں۔
٭٭ڈاکٹر محمد جمیل مغل، ابھا: ہم عمران خان کی حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ عدالتی نظام میں بہتری ہوگی، تعلیمی نصاب یکساں ہوگا، صحت کے نظام میں تبدیلی اور صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم ہوں گی۔ پولیس میں اصلاحات ہوں گی، ملک کی موثر خارجہ پالیسی ہوگی ، ملکی معاشی حالت بہتر ہوگی ، سندھ سے کوٹہ سسٹم کا خاتمہ ہوگا، شہری اور دیہی سندھ کی تقسیم ختم ہوگی، ڈیموں کی تعمیر ہوگی،لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا  اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے قونصل خانوں اور سفارتخانوں کے نظام میں بہتری لائی جائے گی، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیاجائے گا۔
٭٭محمد طاہر، گوجرانوالہ: چین سے بجلی لیں اور سستی کر کے عوام کو دیں تاکہ لوگ خوشحال ہوں اور لوگ اپنا کاروبار کر سکیں۔
٭٭نفیض احمد ، ینبع: عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ پنجاب میں نون لیگ کو حکومت بنانے دیں، ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہوں تو تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلیں ورنہ نئی حکومت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
٭٭وقار یونس، حیات آباد، پشاور:ان شاء اللہ، پی ٹی آئی  اپنے وعدے پورے کرے گی۔
٭٭سعید عمر، پشاور: ہم پر امید ہیں کہ عمران خان نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے ، ان شاء اللہ ، کیونکہ وہ چور نہیں بلکہ پاکستان کے لئے مخلص ہیں۔
٭٭محمد عمر ، جدہ: ہم عوام نے آپ کو اپنے ووٹ سے جتوایا ہے تو ان کا اعتماد محروح نہ کیجئے گا۔ نواز شریف اپنے انجام کو پہنچ چکے۔ چور کو چوری سے روکئے گا، اخلاق کا دامن نہیں چھوڑئیے گا، ہمارا اعتماد نہ توڑئیے گا، اللہ کریم آپ کا حامی و ناصر ہو۔
٭٭ندیم صدیق، لاہور: بیسٹ آف لک پی ٹی آئی۔
٭٭انصار سہیل، گجرات: امید ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی تقدیر بدل دے گی، ان شاء اللہ۔
٭٭شہزاد احمد، جبیل: بد عنوانی اور رشوت کا خاتمہ ہونا چاہئے۔
٭٭محمد عرفان ، سیالکوٹ: پی ٹی آئی سے بہت سی توقعات ہیں۔ پہلی تو یہ کہ پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے پہلے ہی دن سے کام شروع ہونا چاہئے۔ حالیہ دہشتگردی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ دن رات کام کرنا ہوگا۔ ایک سال میں معیشت میں بہتری کی طرف سفر کرنا ہوگا۔
٭٭توقیر حسین ، جدہ: اس پارٹی سے بہت سے توقعات ہیں لیکن شاید شروع شروع میں اسے کام نہ کرنے دیا جائے۔
٭٭محمد کلیم، جدہ: پی ٹی آئی پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ ملک میںغربت اور بد امنی کا خاتمہ کرے گی اور اداروں کو مضبوط کرے گی۔
٭٭نعیم چوہدری ننکانہ صاحب: پی ٹی آئی کی حکومت سے بہت سی توقعات ہیں، بہت زیادہ مسائل ہیں جنہیں حل کرنا ہے۔
٭٭یاسر یوسف ، سمندری:ہمارے ہاں رشوت خوروں اور جاگیر داروں کی چلتی ہے ۔ کسی غریب کی بات کوئی نہیں سنتا۔ جو سچ بولتا ہے وہ مرتا ہے۔ جو جھوٹ بولے وہ کامیاب ہوتا ہے۔ جس ملک میں عدالتی نظام ایسا ہوگا وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ ایسے نظام سے ملک تباہ و برباد ہو جاتے ہیں۔ ہر فورم پرصرف عورت کی بات سنی جاتی ہے ، خواہ وہ جھوٹی ہی ہواور مرد صد فیصد سچ کیوں نہ بولے۔
٭٭امام بخش، جدہ: ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک میں اتنا روز گار ہو کہ ہمیں کسی اور ملک میں ملازمت کے لئے جانا نہ پڑے۔
٭٭محمد اعظم، مکہ مکرمہ: جو ہو اچھا ہی ہو، ملک کے لئے ۔
٭٭محمدالطاف خاں، ریاض: سیکیورٹی، امن و امان سب سے پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔
 
 

شیئر: