Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت صحت کا طبی کانوائے ، 23بیمار عازمین کولیکر مکہ مکرمہ پہنچ گیا

منی .... وزارت صحت کی زیر نگرانی مدینہ منورہ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج 23 عازمین کو مشاعر مقدسہ ایمبولینسو ں کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیاجہاں سے انہیں مشاعر مقدسہ لے جایا جائیگا۔ مریض عازمین کا تعلق 13 ممالک سے ہے جو مدینہ منورہ کے مختلف سرکاری اسپتالو ںمیں زیر علاج تھے ۔ وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کانوائے میں ہر مریض کو ایک ایمبولینس میں فراہم کی گئی ہے جس میں تمام ہنگامی آلات موجود ہیں ۔ کانوائے میں 6احتیاطی ایمبولنسوں کو بھی رکھا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی یونٹ کےلئے 2 اضافی ایمبولینس بھی شامل ہیں ۔ طبی کانوائے میں ایک بس جس میں 15 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے میں ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والا ساز وسامان رکھا گیا ہے ۔ وزارت کے ذرائع نے مزید بتایا کہ طبی قافلے میں شامل مریضوں کے ہمراہ معالجین اور دیگر طبی عملہ بھی شامل ہے ۔ مدینہ منورہ کے شاہ فہد اسپتال میں 8 ، احد جنرل اسپتال میں 6 ، الانصار جنرل اسپتال میں 4 اور مدینہ منورہ کے شعبہ امراض قلب میں 4 مریض زیر علاج تھے جنہیں مذکورہ قافلے کے ذریعے مشاعر مقدسہ روانہ کیا گیا ہے ۔ میڈیکل کانوائے میں شامل ڈاکٹروں کی ٹیم سفر کے دوران مسلسل مریضوں کا معائنہ کرتی رہی۔ مریض عازمین کو انکی صحت کے مطابق مشاعر میں مختلف مقامات پر لے جایا جائے گا جس کا تعین انکے معالجین کریں گے ۔ واضح رہے ہر برس ایام حج میں شدید بیمار ہونے والے عازمین حج کو وزارت صحت کی جانب سے خصوصی انتظامات کے تحت مشاعر مقدسہ روانہ کیاجاتا ہے تاکہ وہ فریضہ حج ادا کرسکیں ۔ اس ضمن میں جو شدید بیمار ہوتے ہیں انہیں یوم عرفہ کے روز براہ راست وقوف عرفہ کےلئے بھیجا جاتا ہے ۔ ہر مریض کے ہمراہ ایک ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہوتا ہے جو انکی مسلسل نگرانی پر مامور ہوتا ہے ۔ 
 

شیئر: