Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید الاضحی کے مبارک موقع پر سفیر پاکستان کا ہموطنوں کو تہنیتی پیغام

وقوف عرفہ بہترین انداز میں مکمل ہوا، ہموطن مقامی قوانین کی پاسداری کریں
ریاض (ذکاءاللہ محسن) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے عید الاضحی کے مبارک موقع پر کرہ ارض کے مسلمانوں خصوصاً مملکت میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو مبارکباد دی ہے۔ ان میں سے اکثر اپنے وطن اور خاندانوں سے ہزاروں میل دور ہیں۔ خان ہشام بن صدیق نے انکی صحت، مسرت اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی اور مسلمان بھائیوں کی سلامتی اور امن کیلئے ہمیشہ دعا گو ہیں۔ سفیر پاکستان نے حج کے رکن اعظم کیلئے بہترین انتظام اور سعودی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے حج انتظامات کی تعریف کی۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ وقوف عرفہ کیلئے وزارت حج کے انتظامات بہترین تھے۔ کسی قسم کی حجاج کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سفیر پاکستان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے منیٰ جانے والوںکیلئے جو ہدایت دی جاتی ہے پاکستانی حجاج اس پر سختی سے عمل کریں۔ جمرات جاتے وقت کسی قسم کا سامان ہاتھوں میں لیکر نہ جائیں۔ انہوں نے حجاج کو اس دینی فریضے کی ادائیگی پر مبارکباد دی اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے قبولیت عطا کرے۔ مزید برآں سفیر پاکستان نے واضح کیا کہ پاکستانی سفارتخانہ اور حج ڈائریکٹوریٹ اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ آخری پاکستانی حاجی سلامتی کیساتھ وطن عزیزمیں واپس اپنے احباب تک نہ پہنچ جائے۔

شیئر: