Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی،ایم پی اور راجستھان میں شدید بارش ، نظام زندگی درہم برہم

نئی دہلی۔۔۔۔۔کیرالا سمیت جنوبی ہند کی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعدملک کی 3بڑی ریاستوں اتر پردیش ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میںموسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔مرزا پور ،بھدوہی ، الہ آباد ، کوشامبی، کانپور ، لکھنؤ، آگرہ ، مظفر پور، پٹنہ ، سیوان، مدھوبنی، سیتا مڑھی، گیا، ہزاری باغ، رانچی، دیوگھراور دمکا سمیت متعدد اضلاع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔راجستھان کے جھالاواڑ میں آہو پرون ندی طغیانی کی وجہ سے ایک درجن گاؤں کا رابطہ آس پاس کے علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں بارش کی وجہ سے دریائے چنبل میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور قریب کے علاقے میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔نشیبی علاقوں میں آباد لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے لگے۔اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں دریائے شاردا میں طغیانی اور سیلابی ریلے سے دھورہرا میں شاہراہ تباہ ہونے سے آمدورفت ٹھپ اور لوگوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا۔ضلع اٹاوہ میں کل دوپہر سے موسلادھار بار ش سے ضلع اسپتال کے احاطے میں پانی بھر گیاجس سے مریضوں اور تیمارداروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ محکم موسمیات کے مطابق آج مغربی مدھیہ پردیش کے مندسور ، دھار اور دیواس میں شدید بارش کا امکان ہے۔ اترپردیش کے مختلف اضلاع کے علاوہ دہلی اور این سی آر کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کیرالا میں سیلاب میں کمی آنے کے بعد جنگی بنیادوں پر امداد وراحت رسانی کے کام جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ پنرائی وجین نے چینگن نور کے راحت کیمپ کا دورہ کیا ۔ وائناڈ میں یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے سیلاب زدگان میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ کیرالا میں وزیر اعلیٰ راحت فنڈ میں آن لائن اب تک96کروڑ روپے کی امداد جمع کرائی جاچکی ہے۔ 14سے 20اگست کے درمیان مختلف ذرائع سے 212کروڑ روپے کی مدد کی گئی ۔
مزید پڑھیں:- - - -یوپی حکومت کے 3پائلٹوں کا اجتماعی استعفیٰ

شیئر: