Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرۂ احمر کے ساحلوں کا انتظام کرنے والے آپریٹرز کے لیے نئے ضوابط متعارف

ساحلوں پر سرگرمیوں کی اجازت صرف لائسنس یافتہ ادارے ہی دیں گے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے ساحلی سرگرمیوں کے لیے ایک نئے ریگیولیٹری فریم ورک کا اعلان کیا ہے  جس کے تحت ساحلوں کو غیر رسمی تفریحی مقامات کے بجائے مستقبل میں ضابطے میں رہتے ہوئے چلائی جانی والی سائٹس قرار دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فریم ورک میں ساحلوں کا انتظام کرنے والے آپریٹرز کے لیے معیاری تقاضے متعارف کرائے گئے ہیں جن میں لائسنس، حفاظت، خطرات کا بندوبست اور ساحلوں پر سیاحتی سرگرمیوں کے لیے مہیا کی جانے والی خدمات کی کوالٹی پر بھر توجہ دی جائے گی۔
نئے ضابطوں کے تحت ساحلوں پر سرگرمیوں کی اجازت صرف لائسنس یافتہ ادارے ہی دیں گے۔ لائسنسز کو دو سال کے عرصے لیے جاری کیا جائے گا۔
لائسنس کی تجدید کی درخواستیں معیاد ختم ہونے سے 30 دن پہلے جمع لازمی کرانی ہوں گی۔ اتھارٹی کے مطابق نئے ضابطوں کا مقصد ساحلوں کے بندوبست کے نظام میں یکسانیت پیدا کرنا اور آپریٹرز کو ساحلی سرگرمیوں کی واضح  ٹائم لائن مہیا کرنا ہے۔
اس نئے فریم ورک کا اطلاق بحیرۂ احمر کی 1800 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر ہوگا اور اس کا مقصد یک رُخی قومی اپروچ کو قائم کرنا ہے تاکہ ساحلی سرگرمیوں کو باقاعدہ بنایا جا سکے۔
ریڈ سِی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سرکاری لائنس کے بغیر، کسی قسم کی ساحلی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

تازہ ترین انیشیٹیو، اتھارٹی کے ان وسیع تر مقاصد کو سہارا دیتا ہے جن کا مقصد ساحلی سیاحت کے شعبے کی تعمیر و ترقی ہے جس کا قومی مجموعی پیداوار میں سنہ 2030 تک 85 بلین ریال حصہ ڈالنے کا ہدف ہے۔ یہ شعبہ لگ بھگ دو لاکھ 10 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا اور توقع ہے آئندہ چار سال میں 19 ملین سیاح مملکت میں آئیں گے۔
اعلان کے ایک مہینے کے بعد نئے ضوابط پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا تاکہ فوری طور پر ساحلی سیاحت میں تکنیکی مسائل پیدا نہ ہوں۔ موجودہ آپریٹرز کو ایک سال کی مہلت بھی دی جائے گی کہ وہ نئے ضابطوں پر عمل شروع کر دیں۔

نئے ضابوں میں حفاظت کو مرکزی ستون کی حیثیت حاصل ہوگی جبکہ لائسنس کے حصول کی شرائط میں ماحولیاتی پرمٹ، انشورنس، منظور شدہ حفاظتی منصوبے، ساحلوں پر مشاغل کے لیے واضح طور پرمتعین کردہ زون اور ساحلوں کی گنجائش کو بھی مدِ نظر رکھا جائے گا۔
ریڈ سِی اتھارٹی کے مطابق فریم ورک کا مقصد آپریشنل خطرات کو کم کرنا، نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور ساحلی سیاحت کی پائیدار ترقی کے لیے تعاون فراہم کرنا ہے۔

 

شیئر: