الجوف کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح، سالانہ 10 لاکھ مسافروں کی گنجائش
گورنرالجوف شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز نے نئے الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ایئرپورٹ کے توسیعی حصے کا معائنہ بھی کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گورنر الجوف کے ہمراہ ڈپٹی گورنر شہزادہ متعب بن مشعل اور وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز انجینیئر صالح بن ناصر الجاسر اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ عبدالعزیز الدعیلج و دیگر اعلٰی عہدیدار بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ نے ایئروپرٹ پر فراہم کی جانے والے سہولتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’الجوف کا نیا ایئرپورٹ آپریشنل ٹیسٹ مکمل کیے جانے کے بعد آئندہ ماہ فروری سے تجرباتی بنیادوں پر کام شروع کر دے گا۔ الجوف ایئرپورٹ کے آپریشنل ہونے سے ریجن کے شہریوں اور غیرملکیوں کو سہولت ہوگی۔‘
افتتاحی تقریب میں ایئرپورٹ کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ ایئرپورٹ کی سالانہ گنجائش 10لاکھ مسافروں کی ہے۔
ایئرپورٹ کا نیا ٹرمینل 24 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے جس میں 16 ٹریول کاؤنٹرز، 11 ٹریول گیٹس اور امیگریشن کے 5 کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں۔
