Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین گیمز ہاکی: پاک وہند گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر

 
جکارتہ: ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان اور ہند دونوں ہی گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ پول میں ناقابل شکست رہنے والی دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں جاپان اور ملائیشیا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست دوچار ہوگئیں۔ گولڈ میڈل کےلئے فیورٹ ہندوستانی ٹیم کو ملائیشیا نے پنالٹی شوٹ آوٹ پر 6-7 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔ دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 0-1 سے شکست دیتے ہوئے پہلی مرتبہ ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پہلے سیمی فائنل میں ہند نے میچ کی ابتدا ءسے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف کی ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد پینالٹی کارنر بھی حاصل کئے لیکن وہ کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔ ہند کو تیسرے کوارٹر میں پینالٹی کارنر ملا جس پر ہرمن پریت سنگھ نے گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ ملائیشیا کو ملنے والے پینالٹی کارنر پر فیصل ساری نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا تاہم اس سنسنی خیز کوارٹر میں گول کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا اور ابھی ملائیشیا کو گول کیے ایک منٹ بھی نہیں گزرا تھا کہ ہند کو ملنے والے ایک اور پینالٹی کارنر پر ور±ن کمار نے گول کر کے ہندکو دوبارہ برتری دلا دی جو تیسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔ آخری کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے گول کے حصول کی کوششیں جاری رکھیں لیکن ہند کی ٹیم نے نسبتاً دفاعی انداز اپنایا جس کا خمیازہ انہیں اس وقت بھگتنا پڑا جب میچ کے اختتام سے صرف 2 منٹ قبل محمد رضی رحیم نے گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔میچ برابر ہونے پر پینالٹی شوٹ آوٹ کا سلسلہ شروع ہوا اور ہند کے من پریت سنگھ نے پنالٹی پر گول ضائع کردیا لیکن ملائیشیا کے محمد فرحان اشعری نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔آکاش دیپ سنگھ نے دوسری پنالٹی پر گول کر کے مقابلہ برابر کردیا ۔ ملائیشیا کے تاج الدین احمد نے دوسری پنالٹی ضائع کر کے برتری کا نادر موقع گنوا دیا۔ فیصلہ کن مرحلے میں ملائیشیا کی جانب سے تاج الدین احمد نے گول اسکور کیا اور ہندکے سنیل سومر پریت نے پنالٹی ضائع کردی جس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ملائیشیا نے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پینالٹی شوٹ آوٹ پر 6-7سے فتح حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ٹیم نے دوسرے سیمی فائنل میں زیادہ بہتر کھیل پیش نہیں کیا اور گزشتہ میچوں کی جیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جاپان کی ٹیم کو آسان ہدف تصور کرنے کی کوشش کی جس کا خمیازہ انہیں شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ پہلے کوارٹر میں ہی جاپان کی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں کے انداز کو بھانپ لیا اور گول کرنے کا موقع ضائع نہیں کیاجس کے باعث پاکستانی ٹیم خسارے میں چلی گئی اور اگلے تینوں کوارٹر میں ٹیم ایک گول بھی نہ اتار سکی ۔ میچ کے اختتام پر ا سکور جاپان کے حق میں 0-1 ہی رہا۔پاکستان نے جوابی گول کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم جاپانی دفاع نے اسے ایسا کرنے سے باز رکھا۔ یکم ستمبر کو فائنل میں جاپان کا مقابلہ ملائیشیا جبکہ کانسی کے تمغے کیلئے پاکستان کا مقابلہ ہند سے ہوگا۔ 
 

شیئر: