Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سیلاب زدگان میں 180 ٹن کھجوروں کی تقسیم

امدادی مہم کا بنیادی مقصد سیلاب اور نقل مکانی سے متاثرہ آبادی کو غذائی سہولت فراہم کرنا تھا (فوٹو:کنگ سلمان ریلیف سینٹر)
شاہ سلمان امدادی مرکز و ریلیف سینٹر نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ بے گھر افراد اور غذائی عدم تحفظ کا شکار خاندانوں میں مجموعی طور پر 360 ٹن کھجوریں تقسیم کی ہیں۔
یہ تقسیم نیشنل اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے اشتراک اور شراکتی اداروں ’پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن‘ اور ’بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام‘ کے تعاون سے کی گئی۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مطابق اس امدادی سرگرمی کے تحت 180 ٹن کھجوریں خیبر پختونخوا کے نو متاثرہ اضلاع بونیر، سوات، کولئی پالس، مانسہرہ، چارسدہ، پشاور، بنوں، باجوڑ اور کرم میں مستحق خاندانوں تک پہنچائی گئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے آٹھ اضلاع خضدار، سوراب، کچھی، پشین، قلعہ سیف اللہ، زیارت، جھل مگسی اور کوئٹہ کے متاثرین میں بھی 180 ٹن کھجوریں تقسیم کی گئیں، جس سے ہزاروں ضرورت مند خاندان مستفید ہوئے۔ 
اس امدادی مہم کا بنیادی مقصد سیلاب اور نقل مکانی سے متاثرہ آبادی کو فوری غذائی سہولت فراہم کرنا تھا۔ کھجوروں کو توانائی اور غذائیت کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے، جو ہنگامی حالات میں متاثرہ افراد کی خوراک اور صحت بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی یہ کاوش پاکستان کے عوام کے ساتھ مملکتِ سعودی عرب کی انسانی ہمدردی، یکجہتی اور غذائی تحفظ کے فروغ کے لیے مستقل عزم کی واضح مثال ہے، جس کے تحت مشکل حالات میں متاثرہ افراد کی مدد اور ان کے وقار کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

بلوچستان کے آٹھ اضلاع میں 180 ٹن کھجوریں تقسیم کی گئیں (فوٹو: کنگ سلمان ریلیف سینٹر)

کنگ سلمان ریلیف سینٹر گذشتہ برسوں میں بھی پاکستان بھر میں متعدد امدادی مہمات کے ذریعے ضرورت مند خاندانوں کی مدد کی ہے۔ 2022 کے موسمِ سرما میں کنگ سلمان ریلیف نے 25 ہزار ونٹر کٹس مستحق افراد میں تقسیم کی تھیں۔
ان کٹس میں کمبل، مرد و خواتین کے لیے اونی شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل تھے تاکہ شدید سردی سے متاثرہ گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
اسی تسلسل میں مختلف قدرتی آفات کے بعد 50 ہزار سے زائد شیلٹرز اور نان فوڈ آئٹمز کٹس بھی فراہم کی گئیں۔ ان کٹس میں پناہ گاہ کے لیے خیمے، سولر پینلز کے ساتھ ایل ای ڈی لائٹس، گرم کمبل، پلاسٹک میٹ، کچن سیٹ، پانی ٹھنڈا رکھنے والے کولر اور صفائی کا صابن شامل تھا، جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو عارضی مگر موزوں رہائش اور سہولت فراہم کرنا تھا۔
غذائی تحفظ اور روزمرہ غذائی ضروریات کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے گزشتہ برسوں میں متعدد مرتبہ غذائی پیکجز بھی تقسیم کیے ہیں۔ 2023 اور 2024-25 کے دوران جاری رہنے والے ’فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ‘ کے تحت لاکھوں نادار اور کم آمدن والے افراد تک راشن پیکجز پہنچائے گئے۔

یہ تقسیم نیشنل اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے اشتراک اور شراکتی اداروں کے تعاون سے کی گئی (فوٹو:کنگ سلمان ریلیف سینٹر)

ان پیکجز میں میدہ، دال چنا، خوردنی تیل اور چینی شامل تھیں۔ ان اقدامات کا مقصد کمزور طبقات کی غذائی ضروریات پوری کرنا اور انہیں مشکل حالات میں سہارا دینا تھا۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نہ صرف ہنگامی حالات میں فوری مدد فراہم کرتا ہے بلکہ پاکستان میں غذائی تحفظ، انسانی بھلائی اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے طویل مدتی حکمتِ عملی کے ساتھ بھی کام کر رہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ انسانی بنیادوں پر امداد پاکستان کے مشکل وقت میں ہمیشہ نمایاں اور مؤثر کردار ادا کرتی رہی ہے۔

 

شیئر: