Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مذہبی جذبات مجروح‘ کرنے کا الزام، رنویر سنگھ کے خلاف شکایت درج

رنویر سنگھ کی فلم ’دھورندھر‘ جمعے کو ریلیز ہو گی (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا کے مشہور فلم میکر رِشب شیٹھی کے کردار کی نقل اُتارنے پر معافی مانگنے کے ایک دن بعد بھی اداکار رنویر سنگھ کو تنقید اور قانونی مسائل کا سامنا ہے۔
انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق بینگلور کے ایک وکیل پرشانت میتھل نے اداکار کے خلاف ہائی گراؤنڈز پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ رنویر سنگھ نے ہندوؤں کی مقدس روایت ’بھوتا کولا‘ کی توہین کر کے ان کے مذہبی جذبات مجروح کیے ہیں۔
ہائی گراؤنڈز پولیس سٹیشن کے ایک سینیئر افسر کے مطابق تاحال اس شکایت پر کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
درج کروائی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ رنویر سنگھ نے گوا میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کی اختتامی تقریب کے دوران سٹیج پر ہندوؤں کی مقدس روایت ’دیوا‘ کا مذاق اڑایا۔ شکایت میں انڈین قوانین کی دفعات 299 (مذہبی جذبات کو جان بوجھ کر مجروح کرنا)، 302 (کسی کے مذہبی احساسات کو ٹھیس پہنچانا) اور 196 (مذہب، نسل یا زبان کی بنیاد پر نفرت پھیلانا) کا حوالہ دیا گیا ہے۔
اس سے قبل رنویر سنگھ نے منگل کو انسٹاگرام سٹوریز پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مقصد صرف رِشب شیٹھی کی کارکردگی کو سراہنا تھا اور وہ ہمیشہ ملک کی ہر ثقافت، روایت اور عقیدے کا احترام کرتے ہیں۔
ان کی یہ وضاحت ہندو جنا جاگرتی سمیتی (ایچ جے ایس) کی جانب سے پاناجی پولیس کو دی گئی شکایت کے بعد سامنے آئی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اداکار نے رِشب شیٹھی کی پرفارمنس کی نقل اتارتے ہوئے دیوی چمنڈا کی توہین کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فلم فیسٹیول ’آئی ایف ایف آئی‘ کی اختتامی تقریب کے دوران رنویر سنگھ نے مشہور فلم میکر رِشب شیٹھی کے فلم ’کنتارا‘ میں نبھائے گئے کردار کی نقل کی تھی جس کے بعد عوام کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔
دوسری جانب رنویر سنگھ اپنی نئی فلم ’دھورندھر‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو اس جمعے کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

شیئر: