Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اللہ حج قبول فرمائے اور گناہ معاف کردے

محمود ابراہیم الدوعان ۔ المدینہ
دنیا کے گوشے گوشے سے پانچویں رکن کی ادائیگی کیلئے آنے والے بندوں کو حج کی سعادت عطا کرنے پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے وہ کم ہے۔ مقام شکر ہے کہ اللہ بزرگ وبرتر نے لاکھوں فرزندان اسلام کو حج کی سعادت سے نوازا ۔ آرام و راحت اور سکون و اطمینان کیساتھ انہوں نے حج کے تمام اعمال انجام دیئے۔ مقام شکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس مبارک سرزمین کو اسلام اور اسکے پیرو کاروں کی خدمت کے لئے ایثار پیشہ حکمراں عطا کئے۔ مقام ممنونیت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین یا مشاعر مقدسہ کی زیارت کیلئے آنے والے بھائیوں کی میزبانی خوشی خوشی کرنے والی قوم سے اس سرزمین کو نوازا۔
حج 1439ھ ہر لحاظ سے منفرد رہا۔ لاکھوں افراد نے امن و سلامتی کے ماحول میں وقوف عرفہ کیا۔ مزدلفہ میں رات گزاری اور پھر منیٰ میں قیام کیا۔ حجاج نے ہر طرح کی معصیت سے بچ کر اور اچھے کام بڑھ چڑھ کر کرکے حج مبرور کا اعزاز حاصل کیا جس کا بدلہ جنت کے سوا کچھ نہیں۔ 
خادم حرمین شریفین کو یہ شاندار کارنامہ مبارک ہو۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 25لاکھ سے زیادہ داخلی و خارجی حجاج کیلئے کئے جانے والے انتظامات پر مسلسل نظر رکھی۔ انہیں اپنی کاوشوں کا بہترین نتیجہ برآمد ہونا مبارک ہو۔
تمام سرکاری اداروں و محکموںکے عہدیداروں اور اہلکاروں کو ضیوف الرحمن کی شاندار انسانیت نواز خدمات کا بار آور ہونامبارک ہو۔ اہل مکہ اور اہل مدینہ کو اپنے یہاں عمرہ، حج اور زیارت کیلئے آنے والوں کا حق ضیافت ادا کرنا مبارک ہو۔ ہم سب کو مبارک ہو کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس ارض طائرہ کا باشندہ بنایا۔ ہمیں خانہ خدا اور مسجد نبوی شریف کی زیارت نیز مشاعر مقدسہ کی خدمت کے اعزاز سے نوازا۔ یہ وہ مقامات ہیں جن کے لئے دنیابھر کے مسلمانوںکے دل دھڑکتے ہیں۔ 
حجاج جلد ہی ایمان افروز مبارک سفر کو مکمل کرکے اپنے اپنے وطن واپس چلے جائیں گے۔ یہاں حاضری کے موقع پر یہ احساس کرتے ہوئے جائیں گے کہ وہ ایسی جگہ دیکھ آئے ہیں جہاں اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کو مکمل کرنے کا اعلان کیا تھااور وہیں انہوں نے حج کے ارکان مکمل کئے۔ اس مبارک سفر کی یادیں زندگی بھر انہیں خوشیاں دیتی رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ مبارک سرزمین کے عوام ، حکام اور خدمت گاروںکی پاسبانی کرتا رہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: