Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں یوم دفاع اور ملٹری اتاشی کے اعزاز میں الوداعی تقریب

کمیونٹی ایک گلدستے کی مانند ہے ،پاکستان کی سلامتی اور سا لمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، بریگیڈئیر شاہد منظور کا تقریب سے خطاب
 ذکاء ا للہ محسن ۔ ریاض
  معروف ادبی تنظیم’’ بزم ریاض‘‘ کے سابق صدر تصدق گیلانی کی جانب سے یوم دفاع اور ملٹری اتاشی بریگیڈئیر شاہد منظور کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں کمیونٹی اکابرین کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کے اعلیٰ آفسران نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بریگیڈیئر شاہد منظور کا کہنا تھا کہ ریاض کی کمیونٹی ایک گلدستے کی ماند ہے۔ ریاض کمیونٹی سے جو پیار ،محبت اور عزت ملی یہ میرے لیے ایک اعزاز رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی قوم اور بہادر مسلح افواج یکجان ہیں۔ ہم پاکستان کی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے اور ملکی وقار کو ہمیشہ بلند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا 1965 میں پاکستانی قوم نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں۔ ہر قوم کا ایک6 ستمبر ہوتا ہے جو اس کے زندہ ہونے کا ثبوت اور مثال دنیا میں قائم کرتا ہے۔ بریگیڈئیر شاہد منظور نے خوبصورت تقریب منعقد کرنے پر تصدق گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا  ۔
    تقریب کے میزبان تصدق گیلانی نے کہا کہ بریگیڈیئر شاہد منظور جیسے بہادر ،باہمت اور محب وطن آفیسر پر پوری کمیونٹی کو فخر ہے ۔کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ 6ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم کے اعادہ اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ۔یوم دفاع کے موقع پر ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے استحکام کے لیے مل جل کر کام کرنے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست اور معاشی قوت بنانے کے لیے بھر پور جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہے۔
     بزم ریاض کے جنرل سیکریٹری اور معروف شاعر وقار نسیم وامق نے بریگیڈئیر شاہد منظور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یوم دفاع کی مناسبت سے خوبصورت نظم پیش کی اور کہاکہ 6ستمبر پاکستانی قوم کے لیے فخر اور سر بلندی کے ساتھ تجدید ِعہد کا دن ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔تقریب سے ریاض راٹھور ،چوہدری فریاد،خالد اکرم رانا، ڈاکٹر ریاض چوہدری ،محمد خالد رانا،ڈاکٹر وسیم ،زاہد سندھو ،رانا عبدالرئوف اور دیگر نے بھی بریگیڈئیر شاہد منظور کی کاوشوں کو سراہا اور 1965 کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مزید پڑھیں: - - - - -چیئرمین اردو اکیڈمی تلنگانہ مولانا رحیم الدین انصاری سے جدہ کی اردو اکیڈمی کے وفد کی ملاقات

 

شیئر: