انڈین وزیر خارجہ کی امریکی وزیر خزانہ سے ملاقات، معاشی تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال
ایس جے شنکر آج اہم معدنیات سے متعلق پہلے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے (فوٹو: ایکس)
انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے لکھا کہ ’انڈیا اور امریکہ کے درمیان معاشی شراکت داری اور سٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانے پر مفید گفتگو ہوئی۔‘
انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر تین روزہ دورے پر امریکہ میں موجود ہیں جہاں وہ آج بدھ کو اہم معدنیات سے متعلق پہلے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ایس جے شنکر آج امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات سے قبل امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ خارجہ مارکو روبیو دنیا بھر کے شراکت داروں کو اکٹھا کریں گے تاکہ اہم معدنیات کی سپلائی چینز کے حوالے سے تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اس اجلاس میں بین الاقوامی تعاون کو مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے گی تاکہ ایسی قابلِ اعتماد اور مضبوط سپلائی چینز کو یقینی بنایا جا سکے جو معیشت اور قومی سلامتی، ٹیکنالوجی میں قیادت اور توانائی کی منتقلی کے لیے ضروری ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے دفترِ ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری کردہ نوٹس کے مطابق امریکہ چار فروری کو محکمۂ خارجہ میں اہم معدنیات سے متعلق پہلا وزارتی اجلاس منعقد کرے گا، جس کا مقصد عالمی سطح پر اہم معدنیات کی سپلائی چینز کو مضبوط اور متنوع بنانا ہے۔
اس وزارتی اجلاس کی صدارت امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کریں گے جبکہ 50 سے زائد ممالک کے وفود کی شرکت متوقع ہے۔
اس اجلاس کو ٹیکنالوجی میں جدت، معاشی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے ناگزیر اہم معدنیات کے تحفظ اور ان کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کی ایک ’تاریخی کوشش‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

انڈین وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کا یہ دورہ انڈیا اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے تجارتی معاہدے کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ اس معاہدے کا اعلان پیر کو وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد کیا گیا تھا۔
معاہدے کے تحت واشنگٹن نے انڈین مصنوعات پر جوابی محصولات کو 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کرنے پر اتفاق کیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
اعلان کے بعد انڈین وزیر خارجہ نے اس تجارتی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاہدہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، معاشی ترقی کو فروغ دے گا، جدت کی حوصلہ افزائی کرے گا اور انڈیا کے ’میک اِن انڈیا‘ منصوبے کو مضبوط بنائے گا۔
ایکس پر ایک اور بیان میں وزیرِ خارجہ جے شنکر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گفتگو کے بعد دو طرفہ تجارت سے متعلق اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ اقدامات دونوں معیشتوں میں روزگار پیدا کریں گے، ترقی کو فروغ دیں گے اور جدت کی راہیں ہموار کریں گے۔‘
ایس جے شنکر کے مطابق یہ معاہدہ ’میک اِن انڈیا‘ کی کوششوں کو تقویت دے گا اور قابلِ اعتماد ٹیکنالوجی شراکت داری کو فروغ دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری معاشی شراکت میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم انہیں حقیقت میں بدل سکیں گے۔‘
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’ایک پائیدار معاشی تعلق ہی ہماری سٹریٹجک شراکت داری کی سب سے مضبوط بنیاد ہے۔‘
