ریاض.... وزارت ماحولیات و پانی وزراعت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ مساعد ابا الخیل نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک نے جانوروں کے حقوق پامال کرنے پر 10لاکھ ریال تک کا جرمانہ مقرر کردیا ہے۔ اس پر عملدرآمد بھی شروع کردیا گیا۔ سعودی عرب اب تک اس حوالے سے ہونےوالی خلاف ورزیوں پر جرمانے لگاچکا ہے۔تفصیلات کے مطابق جانوروں کے ڈاکٹروں اداروں اور جانور فروخت کرنے والے مراکزنیز گھریلو جانوروں اور مویشی پالنے والوں پر جرمانے ہونگے۔ ابا الخیل نے یہ وضاحتیں ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر مقامی شہری کی جانب سے کئے گئے استفسار کے جواب میں جاری کیں۔ مقامی شہری نے شکوہ کیا تھا کہ سعودی وزارت ماحولیات و پانی وزراعت جانوروں کے حقوق پامال کرنیوالوں کو سزا دینے میں لاپروائی برت رہی ہے۔ جی سی سی ممالک میں جانوروں کے حقوق کا قانون 16دفعات پر مشتمل ہے۔ قانون میں جانوروں کے مالکان اور انکی نگہداشت کرنے والوں پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ جانوروں کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہ پہنچائیں۔ انہیں اذیت نہ دیں۔ جانور فروخت والی دکانوں او رانہیں پالنے کے شوقینوں پر پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ جانوروں کے رہن سہن کا خصوصی اہتمام کریں۔ اہل کارکن مطلوبہ تعداد میں انکی نگرانی کیلئے مہیا کریں۔ ایک سال میں پہلی خلاف ورزی پر 50ہزار ریال، دوسری بار خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا ہوگا اور تیسری خلاف ورزی پر جرمانہ مزید بڑھا دیا جائیگا اور 90دن کیلئے ادارہ سربمہر کردیا جائیگا۔ چوتھی بار خلاف ورزی پر جرمانہ تیسری بار کے جرمانے سے دگنا ہوگا اور اجازت نامہ منسوخ کردیا جائیگا۔