آئیکونک سٹور کھولنے کے لیے درعیہ کمپنی کا ایپل کے ساتھ معاہدہ
’معاہدے کے مطابق درعیہ کے قلب میں نمایاں اور علامتی مرکزی سٹور قائم کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
تاریخی علاقے الدرعیہ کے قلب میں ایپل کا آئیکونک سٹور کھولا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق درعیہ کمپنی نے آج پیر کو ایپل کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کے مطابق درعیہ کے قلب میں نمایاں اور علامتی مرکزی سٹور قائم کیا جائے گا۔
یہ قدم سعودی عرب کی نمایاں تجارتی اور شہری مقامات میں سے ایک کی ترقی کے سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ اعلان اس بات کی تصدیق کے بعد سامنے آیا ہے کہ ایپل 2026 سے سعودی عرب میں اپنے مرکزی سٹورز کی سلسلہ وار توسیع شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جن میں درعیہ کا یہ آئیکونک سٹور بھی شامل ہے جو تاریخی ’حی الطریف‘ کے سامنے واقع ہوگا۔
یہ وہی محلہ ہے جو یونیسکو کے عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل ہے۔
اس موقع پر درعیہ گروپ کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر جیری انزیریلو نے کہا ہے کہ ’میدانِ درعیہ کے قلب میں اس آئیکونک سٹور کا افتتاح درعیہ کے لئے ایک اہم کامیابی ہے اور یہ ایپل کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے جو عالمی سطح پر ریٹیل سیکٹر کے نمایاں ترین شراکت داروں میں سے ایک ہے‘۔
درعیہ کمپنی اور ایپل کے درمیان یہ شراکت داری میدانِ درعیہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے جو مملکت کی اولین ریٹیل منزل بنتی جا رہی ہے جہاں عالمی معیار کی برانڈز سعودی عرب کی قومی شناخت کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر جلوہ گر ہوتی ہیں۔