Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نوجوان نے بریدہ میں اپنے گھر کو چڑیا گھر میں تبدیل کردیا

بریدہ.... سعودی نوجوان عبدالرحمن السبیعی نے قصیم ریجن کے دارالحکومت بریدہ کے اپنے گھر کو چڑیا گھر میں تبدیل کردیا۔ 37قسم کے 700پرندے جمع کرلئے۔السبیعی کا گھر ”گارڈن ٹیلنٹس“ بن گیا ہے۔ مقامی اور غیر ملکی سیاح چڑیا گھر دیکھنے کیلئے آنے لگے۔ جب بھی کوئی شائق چڑیا گھر دیکھنے کیلئے پہنچتا ہے تو پرندے اڑ کر اس کے بازوﺅں پر بیٹھ جاتے ہیں۔ السبیعی کا کہناہے کہ اسے پرندوں سے بڑا پیار ہے۔ اسے پرندے پالنے کا ہنر آگیا ہے۔ اسی ہنرنے اسے چڑیا گھر قائم کرنے کی تحریک دی۔ اس نے چڑیا گھر کا ڈیزائن جدید طریقے سے بنایا ہے۔ ہر پرندے کو اسکے لئے موزوں ماحول مہیا کیا ہے۔ بریدہ سخت درجہ حرارت کیلئے مشہور ہے۔ چڑیا گھر میں پرندوں کو مطلوب موسم فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ وہ انہیں سورج مکھی کے بیج خوراک کے طور پر پیش کرتا ہے۔ السبیعی نے امید ظاہر کی کہ اسکا یہ منصوبہ داخلی سیاحت کے فروغ کا باعث بنے گا۔ یہ خلیجی ممالک میں اپنے طرز کا پہلا چڑیا گھر ہے۔ نوجوان باحہ ، طائف، حائل اور کویت میں اس طرح کے 4چڑیا گھر بنانے میں بھی تعاون دے چکا ہے۔ اب اس کی سوچ کے مطابق قائم کردہ چڑیا گھر سیاحوں کی دلچسپی کا باعث بن گئے ہیں۔ چڑیا گھر 4حصوں میں منقسم ہے۔ یہاں آنے والے اہل و عیال کافی وقت چڑیوں کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔ چڑیوں کی آوازیں انہیں خوشی دیتی ہیں۔ السبیعی اب چڑیا گھر کا رقبہ بڑھانے کی بھی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ السبیعی نے بتایا کہ بعض پرندے عجیب و غریب طبعیت کے مالک ہوتے ہیں۔ اسکے یہاں ایک پرندہ ہے جسے ”طائر الجنتہ“ (جنتی پرندہ) کہا جاتا ہے۔ یہ بڑا غیرت مند ہے اسکی کوشش ہوتی ہے کہ آنے والے اسے سب سے زیادہ چاہیں۔ اسکے چڑیا گھر کا طوطا سیاحوں کے بازوﺅں پر بیٹھ کر انہیں خوش آمدید کہتا ہے۔
 

شیئر: