Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاخوان المسلمون بغاوت اور فتنوں کی آگ بھڑکارہے ہیں، ڈاکٹر بصفر

جدہ.... الشعیبی جامع مسجد کے امام و خطیب اور کتاب و سنتہ عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ بصفر نے خبردار کیا ہے کہ عوام الاخوان المسلمون کے چکر میں نہ پڑیں۔ اخوانی حکام کے خلاف بغاوت اور فتنوں کی آگ بھڑکانے کی تحریک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ جو لوگ حکام کے خلاف بغاوت پر آمادہ کرتے او رکمر بستہ ہو جاتے ہیں وہ شرعی نظام کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ خلیفہ سوم عثمان بن عفان ؓ کے خلاف ایک گروپ (خوارج)نے تنقید کا بازار گرم کر کے امت کو نہ ختم ہونے والے خلفشار میں مبتلاکر دیا۔ حکم الہیٰ یہی ہے کہ اہل ایمان اللہ تعالیٰ اس کے رسول اور والیان ریاست کی تابعداری کریں۔ ڈاکٹر عبداللہ بصفر نے کہا کہ آزمائشوں اور فتنوں کے موجودہ دور کے تمام لوگ اپنے حکام او رعلماءکے سائبان تلے رہیں۔ ادھر اُدھر کے نامعلوم افراد کو اپنا رہبر نہ بنائیں انہوں نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں ۔والیان ریاست کا بازو بنیں ۔ ڈاکٹر بصفر نے زور دے کر کہا کہ فتنہ انگیز اجتماعات سے دور رہا جائے۔ ایسے لوگوں کی کوئی بات نہ سنی جائے جو شرعی بیعت کے منافی ہو۔ ایسے اجلاسوں میں شرکت نہ کی جائے جہاں فضول قسم کے انقلابات کی ترغیب دی جاتی ہو اور اقتدار کے بھوکے عناصر کی خاطر جان و مال کی قربانی دینے پر اکسایا جاتا ہو۔ ڈاکٹر بصفر نے کہا کہ الاخوان اقتدار کے بھوکے ہیں۔ اخوانی بار بار ایک ہی جیسی غلطیاں دھرا رہے ہیں۔ یہ تاریخ سے سبق نہیں لیتے جبکہ حدیث شریف میں کہا گیا ہے کہ مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی علما قرآن و سنت کے پابندبھی ہیں اور عوام کو بھی اسی کی ترغیب دیتے ہیں۔ ان کاکھلا فتویٰ ہے کہ جب تک حکام کھلم کھلا کفریہ کام نہ کرنے لگیں تب تک ان کے خلاف بغاوت جائز نہیں۔ سعودی علماءنے اسی تناظر میں"عرب بہار"میں حصہ لینے سے منع کیا تھا۔ ڈاکٹر بصفر نے الاخوان سے وابستہ اور ہمدردی رکھنے والے افراد سے کہا کہ وہ خود کو قائد کہنے او رکہلانے والے مٹھی بھر گروہ کے چکر میں نہ پڑیں۔ یہ لوگ اسلامیات کے ماہر نہیں جبکہ امت کے مفادات پر اپنے مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔ انکی سرگرمیوں کی بدولت نہ جانے کتنے نوجوان جیلوں میں پڑے ہیں اور ہزاروں ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اخوانی ایرانی سرکشوں کے شانہ بشانہ چل رہے ہیں۔ نوجوان اسلام اور اس کے پیروکاروں کے مفادات کونقصان پہنچانے والی کسی بھی کانفرنس یا اجلاس میں شرکت نہ کریں ۔

شیئر: