ریاض میں 14 فن پاروں کی تنصیب، ’شہر کی خوبصورتی میں اضافہ‘
جمعرات 11 دسمبر 2025 0:01
ریاض آرٹ پروگرام کے سالانہ انٹرنیشنل طویق سکلپچر سمپوزیم کے 14 منتخب مجسم فن پارے دارالحکومت کے تین اہم مقامات پر نصب کیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ’روشن فرنٹ، سدرہ کمپلیکس اور سپورٹس ٹریک کے علاقے شامل ہیں جہاں ان مجسم فن پاروں کو نصب کیا گیا۔

آرٹ پروگرام انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’دیگر علاقوں میں فن پاروں کی تنصیب دیگر مراحل میں کی جائے گی جس کا مقصد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے۔‘
ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو وائس پریزیڈینٹ برائے لائف سٹائل سیکٹر انجینیئر خالد الھزانی کا کہنا ہے کہ ’ریاض آرٹ وژن مہم کا مقصد شہر کے چوراہوں اور مختلف مقامات پر فن پارے نصب کرکے منظرنامے کو دلکش بنانا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ابتدائی مرحلے میں جن تین مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے وہاں لوگوں کی آمدورفت زیادہ ہوتی ہے جس سے شہر کی خوبصورتی بھی نمایاں ہوگی۔‘
یہ فن پارے ریاض آرٹ کے مستقل کلیکشن کا حصہ ہیں جو مقامی اور بین الاقوامی فنکاروں نے تخلیق کیے ہیں۔
