Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری، پرائس انڈیکس میں 177.66پوائنٹس کا اضافہ

سرمایہ کاری میں 17.84فیصد کا فروغ، سرمایہ کاروں کو 39ارب ریال کا فائدہ
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمت 1.06فیصد مزید اضافے کے بعد 71ڈالر فی بیرل سے اوپر جاتے ہوئے دیکھی گئی اور اس کے ساتھ ہی سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 361پوائنٹس کے مدو جزر کے بعد 177.66پوائنٹس کے اضافے کے بعد7768.31پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ ہفتے سارے اشاریے مثبت زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 2.34فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ سودوں اور حجم میں بالترتیب10.75فیصد اور 27.4فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ کل سرمایہ کاری 17.84فیصد فروغ کے بعد 12ارب ریال کو عبور کر گئی۔ قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو 39ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ انفردای کمپنیوں میں وفرہ کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 13.25فیصد اضافے کے بعد 15.90ریال پر بند ہوئی۔ فائدے کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر جبل عمر رہی جس کی قدر 9.15فیصد فروغ کے بعد 39.95ریال پر پہنچ گئی۔ ایکسٹرا کی قیمت 8.87فیصداضافے کے بعد 50.30ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے دلہ ہیلتھ ٹاپ پر رہی جس کی پرائس 13.53 فیصد کم ہونے کے بعد 60.70 ریال تک گر گئی۔ ایسٹرن پراونس سیمنٹ کمپنی کی قیمت 6.13فیصد انحطاط کے بعد 19.90ریال پر بند ہوئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے سابک ٹاپ پر رہی۔ جس میں 1.6ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی جو کل سرمایہ کاری کا 12.5فیصد حصہ بنتا ہے اور اسکی قیمت 4.08 فیصد اضافے کے بعد 122.40ریال پر بند ہوئی جبکہ النماءبینک میں 1.4ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اسکی قیمت 5.43فیصد فروغ کے بعد 20.98ریال تک پہنچ گئی۔ دارلارکان کی قیمت 5.83فیصد اضافے کے بعد9.44ریال پر بند ہوئی۔

شیئر: