Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرجانہ کیس کیلئے پی سی بی کی قانونی ٹیم کا اعلان

دبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہندوستانی بورڈ کے خلاف 70 ملین ڈالر ہرجانہ کیس کی سماعت آئی سی سی کی ثالثی کمیٹی آئندہ ہفتے شروع کرے گی جبکہ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہرجانہ کیس کی وجہ سے ہندوستانی بورڈ کے ساتھ تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا ۔کیس کی سماعت کیلئے پی سی بی نے 4 رکنی قانونی ٹیم کا اعلان کردیا۔ بنیادی طور پر ہندوستانی بورڈ بی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے کے کیس کی سماعت یکم اکتوبر سے دبئی میں ہو گی ۔ ایڈوکیٹ سپریم کورٹ خواجہ احمد حسان اور پی سی بی کے جی ایم لیگل ڈیپارٹمنٹ سلمان نصیر کے ساتھ2برطانوی ماہرین الیگزینڈر پینیادیس اور ابراہیم حسن پاکستان کرکٹ بورڈ کی لیگل ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ چاروں وکلا ء مائیکل بیلوف کی سربراہی میں قائم 3 رکنی غیر جانبدار کمیشن کے سامنے پاکستان کر کٹ بورڈکا موقف اجاگر کریں گے۔ کمیشن میں مائیکل بیلوف کے ساتھ جان پولیسن اور انبیلے بینٹ شامل ہیں۔کمیشن اس معاملے کی سماعت آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں 3 روز تک کرے گا۔ 2014ء میں پاکستان اور ہندوستان کرکٹ بورڈز کے درمیان 5 سال میں 8 سیریز کھیلنے کا معاہدہ ہوا تھا لیکن ہندوستانی بورڈ نے اس کی پاسداری نہیں کی، 5 سیریز کا میزبان پاکستان تھا جبکہ3سیریز ہند میں ہونی تھیں۔ معاہدے کی خلاف ورزی پرپی سی بی نے ہندوستانی بورڈ پر70 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کررکھا ہے ۔ ہندوستانی بورڈ کا موقف رہا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ معاہدہ نہیں ہوا بلکہ صرف مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے ۔ پی سی بی نے اپنا کیس آئی سی سی کو بھجوادیا تھا۔عام تاثر یہی ہے کہ ہندوستانی بورڈ نے آئی سی سی میں ”بگ تھری“کے قیام کیلئے پاکستانی ووٹ حاصل کرنے کی غرض سے یہ کھیل کھیلا اور اس کا پاکستان کے ساتھ باضابطہ طور پر کرکٹ تعلقات بحال کرنے کا کوئی ارادہ ہی نہیں تھا۔ادھرپی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہرجانہ کیس کی وجہ سے ہندوستانی بورڈ کے ساتھ تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا اور دو طرفہ سیریز کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ بی سی سی آئی کے لئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ پی سی بی ہندوستانی بورڈ سے رابطے میں ہے۔چند دن پہلے ہندوستانی کرکٹ حکام سے مفید بات چیت بھی ہوئی ہے۔ آئی سی سی اجلاس میں دیگر تمام ممالک کی ٹیموں کے پاکستان میں کھیلنے کے معاملے پر بات کروں گا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: