Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کرکٹ کپ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو فائنل سے آوٹ کردیا

 
ابوظبی: ایشیا کپ سپر 4مرحلے کے آخری اور اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 37رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ جمعہ کو ہند سے فائنل کھیلے گا۔ اس اہم میچ میں بھی پاکستان ٹیم پر مایوسی اور شکست کے سائے برقرار رہے ۔240کے نسبتاً آسان ہدف کیلئے پاکستان کی ٹیم 9وکٹوں پر 202رنز بنا سکی۔جنید خان کی 4وکٹیں اور امام الحق کی83رنز کی ذمہ دار اننگز ٹیم کے کام نہ آئی۔ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جو سیمی فائنل کی شکل اختیار کر گیا تھا۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور48.5 اوورز میں 239 رنز پرآل آوٹ ہوگئی ۔ سومیا سرکار  صفر ،مومن الحق 5 اور لٹن داس 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 12 رنز پر3کھلاڑی آوٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم مشکلات کا شکار ہو ئی تاہم چوتھی وکٹ میں تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم نے محمد متھن کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکل سے نکال کر اچھی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ۔ دونوں نے 144رنز کی شراکت قائم کی ۔محمد متھن نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 60 رنز بنائے، حسن علی نے انہیں آوٹ کر کے یہ شراکت توڑی۔ امرالقیس 9 رنز بناسکے ۔مشفق الرحیم ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باوجود سنچری مکمل نہ کر سکے ، بدقسمتی سے 99رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔جنید خان نے مہدی حسن مرزا کو 12 رنز پر آوٹ کیا جس کے بعد 230 پر محمود اللہ کی وکٹیں بھی اڑا دیں۔مشرفی مرتضیٰ13رنز بنا سکے اور روبیل حسین ایک رن پر رن آوٹ ہوگئے۔ یہ دونوں آخری اسکور 239 رنز پر آوٹ ہوئے اور پاکستان کو مقررہ 50 اوورز میں 240 کا ہدف دیا۔ محمد عامر کے متبادل بولر جنید خان نے ایشیا کپ کا پہلا میچ کھیلا اور عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 19رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں برداشت کرنا پڑا جب انہوں نے پہلے ہی اوور میں مہدی حسن مراز کی گیند پر روبیل حسین کو کیچ دے دیا جس کے بعد اگلے اوور میںمستفیض الرحمان نے بابراعظم کو بھی آوٹ کردیا۔کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر ناکام رہے وہ10رنز بنا سکے اس وقت ٹیم کا اسکور 18 رنز تھا ۔شعیب ملک نے امام الحق کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا لیکن شعیب ملک نے 30 رنز بنا کر روبیل حسین کو وکٹ دیدی ۔پاکستان نے 21 ویں اوور میں 4 وکٹوں پر 85 رنز بنا ئے تھے۔شاداب خان کو 4رنز پر سومیا سرکار نے آوٹ کر دیا۔آصف علی کو 31رنز پر مہدی حسن نے آوٹ کیا۔حسن علی 8رنز بنا سکے۔شاہین آفریدی 14اور جنید خان 3رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 83رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی جو جیت کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔بنگلہ دیش جمعہ کو ہند سے فائنل کھیلے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: