Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی فارغ

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کی چھٹی کردی گئی ۔ عمان میں 18اکتوبرسے کھیلی جانیوالی ایشین چیمپیئن ٹرافی کیلئے ٹیم کا حتمی انتخاب ٹیم مینجمنٹ خود کرے گی۔ایک روزہ ٹرائلز 3 اکتوبر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ اس موقع پر سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر بھی موجود ہوں گے جن کی مشاورت سے 18 رکنی حتمی اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔ ایونٹ کے دوران 2 گول کیپرز ٹیم کے ساتھ لےجانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز سمیت متعدد ایونٹس میں قومی ٹیم کا انتخاب کیا تاہم گرین شرٹس کسی بھی بڑے ایونٹس میں نمایاں کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ پی ایچ ایف تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کی فٹنس اور گیم میں مہارت کے حوالے سے زیادہ بہتر جانتی ہے۔ اس لئے ٹیم آفیشلز زیادہ بہتر انداز میں حتمی اسکواڈ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیائی ایونٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک عمان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن ہند سمیت ملائیشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان اور عمان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ افتتاحی میچ ملائیشیا اور جاپان کی ٹیمیں شامل ہوں گی ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: