Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض :پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں مینا بازار کی رنگا رنگ تقریب

طلباء میں تخلیقی صلاحیتیں ابھارنے کیلئے   غیر نصابی سرگرمیوں کا جاری رہنا بھی  ضروری ہوتا ہے ، نائب سفیر پاکستان کا افتتاحی تقریب سے خطاب
 ذ ،م ۔ ریاض
پاکستان انٹرنیشنل ا سکول ناصریہ میں مینا بازار کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ بوائز اور گرلز سیکشن میں الگ الگ مینا بازار میں طلباء و طالبات نے بھرپور انداز میں شرکت کی ۔ اس موقع پر بوائز ایند گرلز سیکشن میں 100 کے قریب کھانے پینے کی اشیاء، ملبوسات اور دیگر سائنسی ماڈلز پر مشتمل اسٹال لگائے گئے ۔مینا بازار کا افتتاح سفارتخانہ پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے نائب سفیر محمد ذیشان احمد نے  جبکہ گرلز سیکشن کا افتتاح بیگم نائب سفیر ارم ذیشان نے ربن کاٹ کر کیا ۔نائب سفیر اور انکی اہلیہ نے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اور طلباء وطالبات کی محنت کو سراہا۔ اس موقع پر نائب سفیر نے مینا بازار میں مدعو کمیونٹی ممبران اور بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں ان کی چوتھی سفارتی پوسٹنگ ہے۔ اس سے قبل وہ چین، شام اور ایران میں اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ تعلیمی نظام کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ اس سے قبل ان کا بیرون ممالک میں   پاکستانی اسکولوں کے معیار کے حوالے سے تجربہ اچھا نہیں رہا ۔میں امید کرتا ہوں کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی اسکولز کی کارکردگی نمایاں ہوگی ۔میری کوشش ہوگی کہ جہاں کمی ہے اس کو پورا کیا جائے ۔پاکستانی طلباء ہونہار اور باصلاحیت ہیں مگر ان کی ذہنی نشوونما کے لئے ضروری ہے کہ ان میں خود اعتمادی اور معاشرتی اچھائیوں اور برائیوں کو بھی اجاگر کیا جائے تاکہ یہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار سے بھی اچھی طرح روشناس ہوسکیں۔ مینا بازار کے حوالے سے نائب سفیر محمد ذیشان احمد کا کہنا تھا کہ بچوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کا جاری رہنا بہت ضروری ہے۔ اس سے بچوں میں تخلیقی سرگرمیاں ابھر کا سامنے آتی ہیں۔    پرنسپل گوہر رفیق کا کہنا تھا پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں 8 سال کے بعد مینا بازار منعقد ہوا اس لئے بچوں اور اساتذہ دونوں میں جوش وخروش پایا جاتا ہے ۔گزشتہ کئی روز سے بچوں کے ہمراہ اساتذہ کی جانب سے بھی مینا بازار کی بھرپور تیاری کی گئی ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے بچوں کی جانب سے نصابی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ نمایاں کارکردگی دکھائی گئی ہے  ۔ آج بچوں کا جوش وخروش دیکھ کرمجھے بھی بہت خوشی ہو رہی ہے کہ بچوں کو ہم بہتر تفریحی موقع فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔مینا بازار میں مینجمنٹ کمیٹی کے کرنل عبیداللہ،لنک آفیسر ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ اور مینجمنٹ کمیٹی کے دیگر ممبران کے علاوہ اساتذہ کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ مینا بازار کی ایک نمایاں تقریب کھیلو جیتو پروگرام تھا جس میں عمیر شیخ نے اپنے مخصوص انداز میں طلباء وطالبا ت میں مختلف کھیلوں اور سوالات کے جوابات کے ذریعے ڈھیروں انعامات بانٹے جبکہ میوزک کے تڑکے نے مزید ماحول کو گرما دیا ۔مینا بازارمیں شریک طلباء کا کہنا تھا کہ انہیں آج بہت خوشی ہو رہی ہے کہ 8 سال کے بعد ان کے ا سکول میں اتنی اچھی تقریب منعقد ہو ئی ۔ہم اسکول کے پرنسپل سمیت سفارتخانہ پاکستان کے مشکور ہیں جو طلباء کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ تفریح بھی مہیا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:- - -  - -دبئی میں سنجو صراف کے اعزاز میں ادبی محفل

شیئر: