Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناکامی کی ذمہ داری کپتان کو لینی پڑتی ہے، سرفراز احمد

دبئی: پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کی ناکامی اور میدان میں ہونے والی غلطیوں کی ذمہ داری کپتان کو ہی لینا پڑتی ہے اور اس کیلئے کسی اور کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ جنید خان کو ایشیا کپ کے ابتدائی میچ نہ کھلانے سمیت ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے فیصلوں میں ، میں بھی شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حتمی الیون کا فیصلہ ہم دونوں مشاورت سے کرتے ہی ہیں۔ کپتان نے فیلڈنگ کا معیار اچانک گرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ میں خود بھی اس صورتحال پر حیران تھا۔ چیمپئنز ٹرافی اور دورئہ زمبابوے میں بہترین فیلڈنگ کارکردگی کے بعد اچانک کیا ہوا کہ فیلڈرز نے تواتر سے اتنے کیچ ڈراپ کئے سمجھ سے بالا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی میں اظہر علی،محمد حفیظ اور عماد وسیم کی خدمات حاصل ہونے اور ایشیا کپ میں ان تینوں کی غیر موجودگی سے ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں فرق کے بارے میں کپتان نے کہا کہ اگر مگر تو بہت ہیں لیکن اب ان کو دہرانے کا وقت نہیں اور نہ ہی کوئی فا ئدہ ہے ۔میں بھی کہہ سکتا ہوں کہ ہم تمام کیچ پکڑ لیتے یا ٹاپ آرڈر جلد آوٹ نہ ہوتا تو جیت جاتے لیکن وقت گزر چکا ہے۔سلیکٹرز نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا،حقیقت یہ ہے کہ ہم سب نے غلطیاں کیں،مل بیٹھ کر ان پر غور کرتے ہوئے سدھار لانے کی کوشش کریں گے، ہر کھلاڑی اور ٹیم کو اچھا پرفارم کرنا ہوگا۔ دباوکی وجہ سے سنگلز، ڈبلز کا نیچرل گیم کھیلنے کے بجائے جلد بازی میں وکٹ گنوانے کے سوال پر کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ میں میری کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی، اگر رنز بنانے میں کامیاب ہوجاتا تو ٹیم کا مورال بھی بلند رہتا،کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا کے ساتھ سیریز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کروں۔ ہمیں اگلی سیریز کے بارے میں سوچنا ہے کہ اس میں ایسی کو تاہی نہ ہو۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں
 

شیئر: