وزیر تعلیم کا دورہ امریکہ، سعودی طلبہ سے ملاقات
واشنگٹن میں سعودی طلبہ کی جانب سے لگائی جانے والی نمائش کا جائزہ بھی لیا(فوٹو،ایس پی اے)
وزیر تعلیم یوسف عبداللہ البنیان نے امریکہ کے دورے کے دوران واشنگٹن میں سعودی طلبہ کی جانب سے لگائی جانے والی نمائش کا جائزہ لیا، جس کا اہتمام سعودی کلچرل ونگ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق دورے کے موقع پر سعودی وزیر تعلیم کو امریکی یونیورسٹیوں و تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم سعودی طلبہ کے مختلف تعلیمی اور تحقیقی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیر تعلیم نے طلبہ کے پیش کردہ متعدد منصوبوں کا جائزہ بھی لیا اور ان کے تحقیقی کام، تعلیمی و دیگر دلچسپیوں کے حوالے سے بھی تفصیلات معلوم کیں۔
طلبہ نے وزیر تعلیم کو اپنے تجربات اور حاصل ہونے والی مہارتوں سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد طلبہ سے ملاقاتیں بھی کی اور ان کے خیالات اور مستقبل کے عزائم کے بارے میں بھی سنا۔
وزیر تعلیم نے قومی صلاحیتوں کی نشوونما، علمی و تحقیقی تجربات سے بھرپور استفادے اور بیرون ملک حاصل ہونے والی مہارتوں کو ملکی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔