پاکستانی وزیر مصدق ملک کا دورۂ انڈیا: ’سخت گیر‘ بی جے پی کا لہجہ نرم، ’لِبرل‘ کانگرس سیخ پا
دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملک کو دعوت کیوں دی؟ کانگریس کا پاکستانی وزیر کی ایس سی او اجلاس میں شرکت پر مودی حکومت سے سوال
پاکستان کے وزیر برائے موحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں موجود ہیں۔
پاکستانی وزیر کو انڈیا کے دورے کی دعوت دینے پر انڈیا کی اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس سیخ پا ہے اور اس نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انڈیا کے این ڈی ٹی وی کے مطابق کانگریس کی ترجمان سپریا شریناتے نے پاکستانی وزیر مصدق ملک کو ایس سی او کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے مدعو کیے جانے پر مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
انہوں نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ ’مصدق ملک کے لیے ’سُرخ قالین بچھانا‘ پہلگام حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے زخموں پر نمک چِھڑکنے کے مترادف ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک جمعے ایس سی او کے زیراہتمام تقریب میں شرکت کے لیے انڈیا پہنچے تھے۔ وہ بین التہذیبی مکالمے کے موضوع پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
سپریا شریناتے کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان نے دہشت گردی کی سرپرستی کرنا بند نہیں کی، جبکہ مودی حکومت اس کے نمائندوں کے استقبال میں مصروف ہے۔ کیا مصدق ملک کو بریانی، کباب اور کھیر بھی پیش کی جائے گی؟
کانگرسی رہنما نے الزام عائد کیا کہ ’بے جے پی کی حکومت پاکستانی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کے استقبال کے لیے سُرخ قالین بچھا رہی ہے۔‘
’اصل بات یہ ہے کہ آپ کو بھی وہی بات کہنی چاہیے اور اسی پر عمل کرنا چاہیے جو راہل گاندھی نے واضح طور پر کہا ہے کہ جب تک پاکستان دہشت گردی کی سرپرستی جاری رکھے گا، اُس کے ساتھ کوئی مذاکرات ممکن نہیں۔‘
کوئی خصوصی دعوت دی گئی نہ ہی تعلقات میں کوئی تبدیلی آئی ہے: بی جے پی کے رہنما کا جواب
حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نلین کوہلی نے جمعے کو کانگرس کی تنقید کا جوان دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے حوالے اں کی پارٹی یا حکومت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب تک انڈیا کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیاں جاری رہیں گی، پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔‘
بی جے پی کے رہنما نے سلسلے میں حکومتی موقف واضح کیا کہ ’پاکستان کے ساتھ انڈیا کے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے حکومت کا مؤقف بدستور برقرار ہے۔‘
نلین کوہلی نے ان خیالات کا اظہار نئی دہلی میں ایس سی او کے پہلے ’تہذیبی مکالمے‘ کے فورم کے موقعے پر کیا، اسی تقریب میں پاکستان کے وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک بھی شرکت کر رہے ہیں۔
