العلا میں’دادن‘ شہر کی تاریخ کو اجاگر کرنے والی نمائش،’روشن دریافتیں‘
العلا میں’دادن‘ شہر کی تاریخ کو اجاگر کرنے والی نمائش،’روشن دریافتیں‘
جمعہ 20 نومبر 2026 21:04
وزیٹرز کی رہنمائی کے لیے ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
العلا رائل کمیشن کی جانب سے’روشن دریافتیں‘ کے عنوان سے مستقل نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ قدیم شہر ’دادن‘ کے آثار قدیمہ اور تہذیب کو اجاگر کیا جارہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس کا اہتمام رائل کمیشن العلا نے فرانس کے قومی مرکز برائے سائنسی تحقیق و فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی العلا کے اشتراک سے کیا ہے۔
نمائش سینٹر میں مختلف اوزار، دستکاری کے نمونے، کتبے اور مجسمے رکھے گئے ہیں، علاوہ ازیں دھات سازی اور کپڑے کی تیاری کے تاریخی شواہد بھی پیش کیے گئے ہیں۔
عکمہ پہاڑ یونیسکو کے پروگرام ’میموری آف دی ورلڈ ‘میں شامل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
چٹانوں پر کندہ تحریریں اور نقوش دادن کے قدیم باشندوں کی زندگی کے مختلف گوشوں کو سامنے لاتے ہیں۔
آثار قدیمہ کے سروے کے دوران چٹانوں پر بنے نقوش میں نیزے اٹھائے گھڑ سواروں کے مناظر بھی دریافت ہوئے ہیں۔
ان تاریخی شواہد کا تعلق قریب ہی واقع ’عکمہ پہاڑ‘ کے علاقے سے بھی ہے، جہاں تقریبا 300 قدیم کتبے موجود ہیں، جن میں سے بیشتر کا تعلق دادانی اور لحیانی ادوار سے ہے۔
خیال رہے عکمہ پہاڑ کو یونیسکو کے عالمی پروگرام ’میموری آف دی ورلڈ ‘ کے ریکارڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
بعض نوادرات کو پہلی بار نمائش میں منظر عام پر لایا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
نمائش کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں دستکاری اور روزمرہ زندگی، تجارتی تبادلے، مذہبی عقائد، چٹانی کتبے اور ام درج کا تاریخی مقام شامل ہیں۔
ایسے نوادرات بھی یہاں پہلی بار پیش کیے گئے ہیں جنہیں اس سے قبل نمائش میں نہیں رکھا گیا تھا۔
نمائش میں آنے والوں کی رہنمائی کے لیے ماہرین کی خدمات بھی مہیا کی گئی ہے جو وہاں موجود نوادرات اور قدیم شہر کی تاریخ کے بارے میں اہم معلومات بھی فراہم کرتے ہیں۔