القصب گاوں کو ’سفید سونے کا قصبہ‘ بھی کہا جاتا ہے (فوٹو، ایس پی اے)
وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ماجد الحقیل کی زیر سرپرستی مملکت کے تاریخی قصب گاؤں میں ’ملح القصب‘ کے چوتھے ایڈیشن کی تقریبات کا آغاز کردیاگیا، اس موقع پر وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد عبداللہ القصبی بھی موجود تھے۔ میلہ 28 نومبر تک جاری رہےگا۔
ایس پی اے کے مطابق ’ملح القصب‘ (قصب کا نمک) کے عنوان سے منعقد کیا جانے والا میلہ قصب کی تاریخی و ثقافتی زندگی کے ان نقوش کو اجاگر کررہا ہے جو 13 ویں صدی ہجری کے اواخر میں علاقے کی شناخت تھی۔
اس موقع پر میلے میں آنے والوں کو نمک نکالنے کے قدیم طریقوں سے بھی آگاہ کیا جارہا ہے جو مقامی باشندے تین صدیوں سے زائد عرصے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
نمک کی تیاری کے لیے نمونے کے طور پر بنائی گئی نمک کی کان’ مملحہ‘ میں بھی وزٹرز کو پیداوار کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ ان مراحل میں مقامی طورپر نمک نکالنے کے طریقے اس کی صفائی اور پیکنگ کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
اس ضمن میں ’القصب نمک ریس‘ کا بھی اہتمام کیا جائے گا جو 21 نومبر کو تاریخی گاوں سے شروع ہو گی۔
دوڑ میں مقامی خاندانوں، پیشہ ور اور شوقیہ افراد کے لیے الگ الگ مقابلوں کا انتظام کیا جائے گا جبکہ ان کے لیے ٹریکس اور مسافت بھی جدا ہوگی۔
رواں برس سیزن میں علاقے کے 50 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کررہے ہیں، جبکہ قصب کے مقامی باشندوں پر مشتمل 300 سے زائد رضاکار مرد و خواتین وزٹرز کی رہنمائی اور میزبانی کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
میلے میں مختلف تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
میلے میں مختلف سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے،جن میں کلاسک گاڑیوں کی نمائش وغیرہ بھی شامل ہے، جبکہ فوڈ کارنر بھی وزٹرز کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔
خیال رہے ’القصب‘ میں نمک کا گاوں ایک تاریخی مقام ہے، اسے ’سفید سونے کا قصبہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔ القصب کا نمک بیرون ملک بھی ایکسپورٹ کیا جاتا ہے، اپنے اعلی معیار و غذائی افادیت کے اعتبار سے بھی خاصی اہمیت کا حامل ہے۔