Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام نجی اور غیر ملکی اسکول سعودی ملازم تعینات کریں، وزیرتعلیم

تعلیمی سال کے پہلے سمسٹر کے اختتام تک انتظامی اور تدریسی اسامیوں کو سعودیوں سے پر کردیاجائے
 
ریاض: سعودی وزیر تعلیم احمد العیسیٰ نے سعودی عرب کے تمام صوبوں ، کمشنریوں اور تحصیلوں میں قائم جملہ نجی اور سرکاری اسکولوں کو اپنے یہاں سعودی ملازم تعینات کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیرتعلیم نے مملکت بھر میں موجود تعلیمی اداروں کو تحریری ہدایت جاری کر کے توجہ دلائی ہے کہ سعودی وزارت تعلیم نجی اور غیر ملکی اسکولوں میں زیر تعلیم اپنے طلباءو طالبات کے اندر حب الوطنی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ علاوہ ازیں غیر ملکی اساتذہ کے اثرات کے باعث قومی رجحانات کے منافی سرگرمیوںسے نجی اور غیر ملکی اسکولوں کو باز رکھنا چاہتی ہے۔ کئی اسکولوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ ان کے اساتذہ اپنے یہاں ایسے پروگرام کر رہے ہیں جو قومی رحجانات سے میل نہیں کھاتے۔ وزارت تعلیم نے واضح کیا ہے کہ نجی اور غیر ملکی اسکولوں کا تعلیمی اور انتظامی عملہ سعودیوں پر مشتمل ہونا چاہئے۔
 وزارت نے تعلیمی عمل کو بہتر بنانے او راس میں استحکام لانے کیلئے 5نکاتی فارمولا جاری کیا ہے۔ وزارت نے تمام اسکولوں کو تاکید کی ہے کہ وہ طلباءو طالبات کے ذہنوں میںحب الوطنی کو فروغ دیں۔ تعلیمی اقدار پر توجہ مرکوز کریں۔ معاون پروگرام اور آگہی سرگرمیوں کا اہتمام کریں۔ نجی اور غیر ملکی اسکولوں میں غیر نصابی سرگرمیوں ان کی نگرانی اور جملہ دفتری امور انجام دینے کیلئے سعودی تعینات کریں۔ پرنسپل ، سیکریٹری، اسٹوڈنٹ گائیڈ، دفتری کارکن اور غیر نصابی سرگرمیوں کے انچارج کی اسامیاں سعودیوں کو دیں۔ ایسی تمام اسامیاں جنہیں سعودیوں سے پر کیا جا سکتا ہو تعلیمی سال کے پہلے سمسٹر کے اختتام تک سعودیوں سے پر کر دی جائیں۔ نجی اور غیر ملکی اسکولوں کو جاری کئے جانیوالے ویزوں کی کارروائی پر نظرثانی کی جائے ۔ کوئی بھی ویزہ اس وقت تک جاری نہ کیا جائے تاوقتیکہ اس اسامی کیلئے انہیں سعودی ملازم نہ مل رہا ہو۔ وزارت تعلیم نے نجی اور غیر ملکی اسکولوں سے مذکورہ امور کی پابندی کرانے اور تعمیل کی نگرانی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے کے احکام بھی جاری کر دیئے۔ وزارت تعلیم نے یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ جو اسکول ان ہدایات کی پابندی نہ کریں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جاری سمسٹر کے اختتام سے قبل مکمل رپورٹ وزارت تعلیم کے ماتحت نجی تعلیم کی ایجنسی کو پیش کرنے کی ہدایت بھی دیدی گئی۔ 

شیئر: