Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی، انڈیگو ایئرلائن پر 24 لاکھ ڈالر سے زائد جرمانہ

انڈیگو روزانہ دو ہزار سے زائد پروازیں چلاتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی سب سے بڑی ایئرلائن ’انڈیگو‘ پر گزشتہ برس دسمبر میں پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث 24 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا  گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کے سول ایوی ایشن ریگولیٹر نے ایئرلائن پر یہ جرمانہ عائد کیا ہے۔
گزشتہ برس کے آخر میں انڈیا کے مختلف ایئرپورٹس پر اس وقت شدید افراتفری دیکھنے میں آئی تھی جب انڈیگو نے پائلٹس کے آرام کے حوالے سے نئی پالیسی کو اپنانے میں ’غلط اندازوں اور منصوبہ بندی کے فقدان‘ کا اعتراف کیا تھا۔
اس آپریشنل بحران کے باعث پورے ملک میں ایک ہفتے کے دوران چار ہزار سے زائد مقامی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے لاکھوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کا کہنا ہے کہ یہ جرمانہ کئی کوتاہیوں پر عائد کیا گیا ہے جن میں تجارتی مفادات اور عملے کی کام کرنے کی صلاحیت کے درمیان توازن برقرار رکھنے میں ناکامی شامل ہے۔
ریگولیٹر نے انڈیگو کو اپنے آپریشنز کنٹرول سینٹر کے سینیئر وائس پریزیڈنٹ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے جبکہ کمپنی کے سی ای او پیٹر ایلببرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو بھی فلائٹ آپریشنز اور کرائسز مینجمنٹ میں غفلت پر وارننگ جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ انڈیگو کا انڈیا کی ڈومیسٹک مارکیٹ میں 60 فیصد شیئر ہے اور یہ ایئرلائن روزانہ دو ہزار سے زائد پروازیں چلاتی ہے تاہم وقت کی پابندی کے لیے مشہور اس ایئرلائن کے لیے یہ بحران ایک بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے۔
انڈیا اس وقت دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ایوی ایشن مارکیٹس میں سے ایک ہے جہاں نومبر 2024 میں انڈیگو نے پہلی بار ایک دن میں پانچ لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

 

شیئر: