Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حق اور حقیقت کی آواز

پیر 8اکتوبر 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے۔
جب بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان انٹرویو دیتے ہیں پوری دنیا اسے توجہ سے سنتی ہے۔ سارے جہاں پر یہ حقیقت منکشف ہوتی ہے کہ کچھ نہ کچھ ہونے جارہا ہے۔ محمد بن سلمان سعودی عوام کو نئی منزلوں اور تعمیر و ترقی کی نئی جہتوں کی طرف لیجارہے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویو میں کوئی اہم بات ایسی نہیں چھوڑی جس پر تبصرہ نہ کیا ہو۔ تمام سوالات سے متعلق انکے جملہ جوابات تسلی بخش اور انتہائی اہم معنی کے غماز تھے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کسی ادنیٰ ابہام او رحیلے بہانے کا سہارا لئے بغیر تعلقات کے اہداف کی نشاندہی کی۔ انہوں نے پٹرول اور آرامکو کے مستقبل کی بابت تمام قیاس آرائیو ںکے حوالے سے صاف شفاف جوابات دیئے۔ انہوں نے سعودی عرب کے داخلی مسائل کا بڑی گہرائی اور گیرائی سے تذکرہ کرکے حقیقت حال کی نشاندہی اور مسائل کے حل کے طریقہ کار بیان کئے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے آخر میں اُن باتوں کا تذکرہ کیا جن کی بابت عالمی رائے عامہ ہمارے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار تھی۔ انہوں نے ہر طرح کے شک و شبے کا ازالہ کیا۔ ہر مسئلے کی بابت سعودی عرب کا موقف دو ٹوک الفاظ میں بیان کیا۔ یہ انٹرویو بلکہ مفصل انٹرویو سعودی سفارتکاری اور سعودی سیاست کے روڈ میپ کی حیثیت رکھتا ہے۔ سعودی عرب کو افرادی قوت کے فروغ اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی نیز جملہ وسائل سے بھرپور استفادے کے لئے اسی روڈ میپ پر آگے بڑھنا ہے۔ سعودی عرب بین الاقوامی اقتصادی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہے او رعالمی معیشت کی تشکیل میں اسٹراٹیجک شریک کا کردارادا کرنے کیلئے مستعد ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: