Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ٹیسٹ برابر،آسٹریلیا کا تجربہ کارآمد ثابت ہوا

دبئی :آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ ،کپتان ٹم پین اور اسپنر ناتھن لیون نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے سیریز کا دبئی ٹیسٹ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ شاندار سنچری بنانے میں عثمان خواجہ مین آف دی میچ رہے۔ پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی آخری وقت میں اچھی بولنگ کی بدولت دلچسپ اور سنسنی خیز رخ اختیار کرجانے والا میچ کپتان ٹم پین کی قائدانہ اننگز اور آخری مراحل میں تجربہ کار اسپنر ناتھن لیون کی ذمہ دارانہ اور محتاط بیٹنگ کے نتیجے میںآخر کار کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا۔فتح کے لئے 462رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے8وکٹوں کے نقصان پر362رنز بنائے۔عثمان خواجہ 302گیندوں پر141رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ٹم پین 194گیندوں پر61اور ناتھن لیون34گیندوںپر5رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔یاسر شاہ نے4اور محمد عباس نے3وکٹیں لیںاور ایک وکٹ محمد حفیظ کے حصے میں آئی۔ آسٹریلیا کو آخری دن فتح کیلئے326رنز اور پاکستان کو7وکٹیں درکار تھیں تاہم پاکستانی بولر5وکٹیں ہی لے سکے اور آسٹریلیا نے226رنز بنائے ۔پانچویں اور آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوںنے پاکستانی بولرز کا خوب امتحان لیا ۔ٹریوس ہیڈ 219 کے مجموعے پر محمد حفیظ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، انہوں نے 72 قیمتی رنز بنائے اور عثمان خواجہ کے ساتھ 132رنز کی اہم شراکت قائم کی ۔252 پر آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ گری اور مارنس 13 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکاربنے اور ایک مرتبہ پھر پاکستان کی فتح کی امیدیں پیدا ہو گئیں۔ دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ ڈٹے رہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری مکمل کرنے کے بعد اننگز کو آگے بڑھاتے رہے ۔انہوں نے کپتان ٹم پین کے ہمراہ پاکستانی بولرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور ساتویں وکٹ کیلئے 79رنز جوڑ کر پاکستان سے فتح بڑی حد تک چھین لی تھی ۔ اس مرحلے پر یاسر شاہ کے شاندار اسپیل نے میچ کا رخ یکدم پلٹ دیا۔ لیگ اسپنر نے 141رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے عثمان کو آوٹ کر کے اہم شراکت کا خاتمہ کیا اور پھر اگلے اوور میں پیٹر سڈل اور مچل اسٹارک کی وکٹیں حاصل کر کے میچ پاکستان کے حق میں کردیا تاہم اس کے بعد ٹم پین کے ساتھ ناتھن لیون یاسر شاہ سمیت تمام پاکستانی بولرز کو ناکام بناتے ہوئے میچ بچانے میں کامیاب ہوگئے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: