Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدرآباد ٹیسٹ : ہند نے ویسٹ انڈیز کو 0-2سے وائٹ واش کردیا

حیدرآباد: ہند نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے وائٹ واش کردی۔ امیش یادو کو بہترین بولنگ پر مین آف دی میچ اور پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے وا لے پرتھوی شاکو مین آف دی سیریز قرار دیاگیا۔ ہند نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 272رنز سے شکست دے دی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے روسٹن چیز کی شاندار سنچری کی بدولت 311 رنز بنائے تھے لیکن دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین بیٹسمین ہندوستانی بولرز کا مقابلہ نہیں کرسکے اور پوری ٹیم صرف 127 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 367 رنز بناتے ہوئے 56 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ اس طرح اسے میچ جیتنے کیلئے صرف 72 رنز درکار تھے جو اس نے بغیر کسی نقصان کے بنالئے۔ ہند نے گزشتہ روز کے اسکور 308 رنز 4 کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی لیکن ویسٹ انڈین بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث پوری ٹیم اسکور میں صرف 59 رنز کے اضافے کے بعد آوٹ ہوگئی۔ ریشبھ پنت 92 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ ایشون نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈ ر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شینن گبرئیل نے 3 جبکہ ویریکن نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کا آغاز تباہ کن رہا جب بغیر کوئی ر ن بنائے دونوں اوپنر گریتھ بریتھویٹ اور کیرن پولارڈ پویلین لوٹ گئے۔ مجموعی اسکور 45 پر پہنچا تو یکے بعد دیگرے مزید2 وکٹیں گر گئیں۔ شائی ہوپ 28 ، سنیل امبرس38 ، پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے روسٹن چیز صرف 6 رنز بناسکے۔ ویسٹ انڈیز کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکے۔ ہند کی جانب سے امیش یادو نے 4 ، رویندر جڈیجا نے 3 ، ایشون نے 2 اور کلدیپ یادو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہند کو 72 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے فتح اپنے نام کرلی۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: