Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’بلومبرگ‘‘کو انٹرویو حال پر فخر اور پر امید مستقبل کا نشان

فواز عزیز ۔۔ مکہ

کسی بھی اخباری انٹرویوکی اہمیت کا راز انٹرویوی کرنیوالے کی بے باکی اور جرأت میں مضمر ہوتا ہے۔ سفارتی رکھ رکھاؤسے بالا ہوکر سوالات کے جواب کسی بھی انٹرویو کو شاندار بنا دیتے ہیں۔ سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کو جو انٹرویو دیا ہے اس پر یہ معیار صادق آتے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ہر سوال کا جواب دوٹو ک انداز میں دیا۔ لاگ لپیٹ کے بغیر دیا۔ اسی لئے سیاسی ،اقتصادی، ابلاغی اور ملکی سطح پر اسے غیر معمولی اہمیت دی گئی۔
    ہر انٹر ویو میں ذرائع ابلاع ہنگامہ خیز نکات کی چکر میں پڑے رہتے ہیں تاکہ انہیں شہ سرخی کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔کوئی ایک نکتہ یا جملہ انٹر ویو کو ابھارنے اور انٹرویو کرنے والے کی ضرورت پوری کرنے کے کام آتا ہے۔ محمد بن سلمان نے بلومبرگ کو جو انٹرویو دیا اس میں کوئی ایک جملہ نہیں بلکہ عالمی اہمیت کے دسیوں جملے موجود تھے۔
    ولیعہد محمد بن سلمان سے سعودی عرب اور اس کے اصلاحی اقدامات، اس کے کارناموں ، ترقی عمل میں پیش آنیوالی رکاوٹوں اور افواہوں کی بابت بہت سارے تیکھے سوالات کئے گئے۔ اس سے ظاہر ہوا کہ عالمی ذرائع ابلاغ سعودی عرب میں رونما ہونیوالی ہر چھوٹی بڑی تبدیلی میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ اس سے زیادہ خوبصورت بات یہ ہوئی کہ محمد بن سلمان نے ہر چھوٹے بڑے سوال کا جواب دوٹوک انداز میں دیا۔ سعودی وزیر اطلاع عواد العواد کا یہ کہنا بجا وبرحق ہے کہ ولیعہد محمد بن سلمان نے اپنے انٹرویو میں خارجی چیلنجوں اور داخلی دلچسپی کے امور کی بابت وضاحتیں دیکر انٹرویو کو مالا مال کردیا۔
    شہزادہ محمد بن سلمان سے رڈز ہوٹل میں حراست میں رکھے جانیوالی شخصیات کے سرمایہ کاری پر منفی اثرات کی بابت پوچھا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد کسی طور مجروح نہیں ہوا۔غیر ملکی سرمایہ کاروں نے افواہوں پر کان نہیں دھرے ۔ سعودی حصص مارکیٹ میں 2018ء میں دوسری سہ ماہی کے اختتام تک بیرونی سرمایہ کاری 40فیصد سے تجاوز کرگئی۔ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے اعدادو شمار پیش کرکے اپنے دعوے کو مدلل بنایا۔
    ولیعہد نے بے روزگاری سے متعلق سوال کے جواب میں درست بات کہی کہ 13فیصد کے لگ بھگ بے روزگاری ہے۔ اقتصادی ڈھانچے کی تنظیم نو کے خوشگوار اثرات مرتب ہونگے ۔2019ء سے بے روزگاری میں کمی آنا شروع ہوگی۔ اس جواب کا خوبصورت پہلو یہ ہے کہ محمد بن سلمان نے یہ دعویٰ نہیں کیا کہ بے روزگاری کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔
    شہزادہ محمد بن سلمان کے انٹرویو میں بہت سارے نکات وطن عزیز اور ہموطنوں کیلئے خوشخبریوں پر مشتمل تھے۔ انہوں نے سعودی عرب کی سیاسی و اقتصادی حیثیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے ہر سعودی شہری اور مملکت کے تمام محبین کو اپنے حال پر فخر اور مستقبل کے حوالے سے پر امید بنا دیا۔

مزید پڑھیں:- - - -  - -محکمہ پاسپورٹ نے سعودیوں اور غیر ملکیوں کےلئے 3 ڈیجیٹل سہولتیں جاری کر دیں

شیئر: