Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمنوا لیڈیز کلب کی جنرل سیکرٹری شمائلہ شہباز کے اعزاز میں الوداعی تقریب

اہل ریاض کی خواتین کیلئے ایک مثال ہیں ، انہوں نے ہمیشہ لوگوں کی بھلائی کیلئے کام کیا ،مملکت میں گزرے دن ہمیشہ یادگار رہیں گے ، مہمان اور شرکاء تقریب
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
     نامور سماجی کارکن اور ہمنوا لیڈی کلب کی سیکریٹری جنرل شمائلہ شہباز کے اعزاز میں الواداعی تقریب منعقد کی گئی  ۔مہمان خصوصی کے طور پر ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کی اہلیہ عذرا شکور شریک ہوئیں۔ ہمنوا لیڈی کلب کی صدر بلقیس صفدر کا کہنا تھا کہ شمائلہ شہباز اہل ریاض کی خواتین کیلئے ایک مثال تھیں ۔ انہوں نے بطور جنرل سیکریٹری ہمنوا کو جب جوائن کیا تو  اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے ہمنوا لیڈی کلب کو چار چاند لگا دئیے ۔ ہم ان کی خدمات اور کام کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان کے رابطے میں رہیں گے۔ساجدہ چوہدری نے کہا ان میں جو خدمت خلق کا جذبہ ہے ویسا بہت کم لوگوں میں پایا جاتا ہے۔ انہیں ہمیشہ لوگوں کی بھلائی کے کام کرتے دیکھا ہے ۔ اگر ہمنوا کی بات کی جائے تو انہوں نے بطور جنرل سیکریٹری سفارتخانہ پاکستان کے علاوہ کمیونٹی کے درمیان جس طرح ہمنوا کے ایونٹس کو کامیاب بنایا بلکہ ہمیشہ کیلئے انہیں یادگار بنانے میں بھی ان کی کاوش سب سے بڑھ کر اور نمایاں رہی۔ اس موقع پر شمائلہ شہباز نے کہا کہ سعودی عرب میرا دوسرا گھر ہے، یہاں ایک لمبا عرصہ گزرا اور اس دوران بہت سے لوگوں سے ملاقات رہی ۔میں نے دیکھا کہ یہاں جس طرح پاکستانی کمیونٹی متحرک ہے اُس جیسی پاکستانی کمیونٹی کہیں اور نظر نہیں آتی۔ ایک گلدستے کی مانند کمیونٹی سعودی عرب میں پاکستان کی پہچان بھی ہے اور فخر بھی۔ یہاں مقیم پاکستانی خواتین میں ایک ولولہ اور جذبہ ہے کچھ کر گزرنے کا اور یہی وجہ ہے کہ ہمنوا نے ایک ٹیم ورک کے ساتھ اپنا سفر شروع کیا اور آج تک یہ سفر جاری ہے۔ ہمنوا نے دکھی اور نادار گھرانوں کی مدد کو یقینی بنایا اور کوشش کی کہ جو ہم کر سکتے ہیں وہ لازمی کریں۔ یہاں جو رشتے بنے ان کو کبھی بھلا نہیں پائوں گی۔ ان رشتوں کا خلوص اور پیار ہمیشہ یاد رکھوں گی ۔ہمنوا لیڈیز کلب کیلئے نیک خواہشات ہیں اور دعا گو ہوں کہ ہمنوا اپنا مسیحائی کا سفر جاری رکھے اور کمیونٹی کو تفریح بھی مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے ۔تقریب کی مہمان خصوصی عذرا شکور کا کہنا تھا کہ ہمنوا کی کارکردگی متاثر کن رہی ۔ ان کی سماجی اور تفریحی سرگرمیاں سب سے منفرد رہتی ہیں جس پر وہ شمائلہ شہباز سمیت کلب کی تمام خواتین کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ ہمنوا کی نئی نامزد ہونے والی جنرل سیکریٹری غزالہ راجہ نے شمائلہ شہباز کیلئے لائف اچیومنٹ ایوارڈ کا اعلان کیا جس کو عذرا شکور نے شمائلہ شہباز کو دیا۔ تقریب میں تفریح کا بھی خوب سماں رہا ۔خواتین نے دیگر گانوں کے ساتھ ساتھ الوداعی گانے بھی گائے ۔آخر میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔

 

مزید پڑھیں:- - - - -غرناطہ انٹر نیشنل اسکول جدہ گرلز سیکشن میں مقابلہ حسن قرآت

شیئر: